banner image

Home ur Surah Al Ankabut ayat 68 Translation Tafsir

اَلْعَنْـكَبُوْت

Al Ankabut

HR Background

وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰى عَلَى اللّٰهِ كَذِبًا اَوْ كَذَّبَ بِالْحَقِّ لَمَّا جَآءَهٗؕ-اَلَیْسَ فِیْ جَهَنَّمَ مَثْوًى لِّلْكٰفِرِیْنَ(68)

ترجمہ: کنزالایمان اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو الله پر جھوٹ باندھے یا حق کو جھٹلائے جب وہ اس کے پاس آئے کیا جہنم میں کافروں کا ٹھکانا نہیں ۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو الله پر جھوٹ باندھے یا حق کو جھٹلائے جب وہ اس کے پاس آئے؟ کیا کافروں کیلئے جہنم میں ٹھکانہ نہیں ؟

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰى عَلَى اللّٰهِ كَذِبًا: اور اس سے بڑھ کر ظالم کون جو اللہ پر جھوٹ باندھے۔} ارشاد فرمایا کہ اس سے بڑھ کر ظالم کون ہے جو اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھے اور اس کے لئے شریک ٹھہرائے یا جب اس کے پاس حق آئے تو وہ اس کو جھٹلادے اور سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی نبوت اور قرآن کو نہ مانے؟ بے شک ایسے ظالموں  اور حق کے منکروں  کا ٹھکانا جہنم ہی ہے ۔( مدارک، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۶۸، ص۸۹۹)

 اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے کی مختلف صورتیں :

            یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے کی بہت سی صورتیں  ہیں ،ان میں  سے پانچ صورتیں  درج ذیل ہیں :

(1)… کافر کا بت پرستی کرکے یہ کہنا کہ اللہ تعالیٰ نے اسی کا حکم دیا ہے۔

(2)… نبوت کا جھوٹا دعویٰ کرنااور کہنا کہ مجھے خدا نے نبی بنایا ہے۔

(3)… کتابُ اللہ میں  اپنی طرف سے خَلْط مَلْط کردینا اور کہہ دینا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہے۔

(4)… نبی کا انکار کرنا اور کہنا کہ انہیں  اللہ تعالیٰ نے نبی نہیں  بنایا۔

(5)…جھوٹا مسئلہ بیان کرکے کہنا کہ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے وغیر ہ وغیرہ سب اللہ پر جھوٹ باندھنا ہے۔

             اس سے معلوم ہوا کہ ہر جھوٹ برا ہے لیکن اگر جھوٹ کی نسبت کسی بڑی ہستی کی طرف کی جائے تو بڑا گناہ ہے، لہٰذا جھوٹی حدیث گھڑ کر یہ کہہ دینا کہ حضورپُر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا ہے، سخت جرم ہے۔