banner image

Home ur Surah Al Hijr ayat 16 Translation Tafsir

اَلْحِجْر

Al Hijr

HR Background

وَ لَقَدْ جَعَلْنَا فِی السَّمَآءِ بُرُوْجًا وَّ زَیَّنّٰهَا لِلنّٰظِرِیْنَ(16)

ترجمہ: کنزالایمان اور بیشک ہم نے آسمان میں برج بنائے اور اسے دیکھنے والوں کے لیے آراستہ کیا ۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور بیشک ہم نے آسمان میں بہت سے برج بنائے اور اسے دیکھنے والو ں کے لیے آراستہ کیا۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ لَقَدْ جَعَلْنَا فِی السَّمَآءِ بُرُوْجًا:اور بیشک ہم نے آسمان میں  بہت سے برج بنائے۔} یہ برج سات سیاروں کی منزلیں ہیں اور ان برجوں کی تعداد بارہ ہے۔   (1)  حَمْل۔  (2)  ثَوْر۔  (3) جَوْزَاء۔ (4) سَرَطَانْ۔ (5) اَسَد۔ (6) سُنْبُلَہ۔ (7) میزان۔ (8) عَقْرَب۔ (9) قَوس۔ (10) جَدْی ۔ (11) دَلْو۔ (12) حُوْت۔  مِرِّیخْ کے برج حَمْل اور عَقْرَب ہیں ، زُہْرَہ کے ثَوْر اور میزان، عُطَارِدْ کے جَوْزَاء اور سُنْبُلَہ، چاند کا سَرَطَانْ، سورج کا اسد، مشتری کے قوس اور حُوت اور زُحَل کے جَدْی اور دَلْو ہیں ۔ (جلالین، الحجر، تحت الآیۃ: ۱۶، ص۲۱۲)

{وَ زَیَّنّٰهَا لِلنّٰظِرِیْنَ:اور اسے دیکھنے والو ں کے لیے آراستہ کیا۔} یعنی ہم نے آسمان کو سورج ، چاند اور ستاروں سے آراستہ کیا تاکہ غورو فکر کرنے والے اس سے اللّٰہ تعالیٰ کے واحد اور خالق ہونے پر اِستدلال کریں  اور جان لیں کہ  ہر چیز کو پیدا کرنے والا اور اسے شکل و صورت عطا کرنے والا صرف اللّٰہ تعالیٰ ہے۔ (خازن، الحجر، تحت الآیۃ: ۱۶، ۳ / ۹۷)