banner image

Home ur Surah Al Jasia ayat 27 Translation Tafsir

اَلْجَاثِيَة

Surah Al Jasia

HR Background

وَ لِلّٰهِ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِؕ-وَ یَوْمَ تَقُوْمُ السَّاعَةُ یَوْمَىٕذٍ یَّخْسَرُ الْمُبْطِلُوْنَ(27)

ترجمہ: کنزالایمان اور اللہ ہی کے لیے ہے آسمانوں اور زمین کی سلطنت اور جس دن قیامت قائم ہوگی باطل والوں کی اس دن ہار ہے۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور آسمانوں اور زمین کی سلطنت اللہ ہی کے لیے ہے اور جس دن قیامت قائم ہوگی اس دن باطل والے خسارہ پائیں گے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ لِلّٰهِ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ: اور آسمانوں  اور زمین کی سلطنت اللہ ہی کے لیے ہے۔} اس سے پہلی آیت میں اللہ تعالیٰ نے بیان فرمایا کہ وہ پہلی بار زندہ کرنے پر قادر ہے اور دوسری بار بھی زندہ کرنے پر قادر ہے، اور ا س آیت میں زندہ کرنے کی قدرت ہونے پر اللہ تعالیٰ نے ایک عام فہم دلیل بیان فرمائی کہ آسمانوں اور زمین کی تمام ممکن چیزوں پر اللہ تعالیٰ قادر ہے اور جب تمام ممکن چیزوں میں اللہ تعالیٰ کی قدرت ثابت ہے اوریہ بات بھی ثابت ہے کہ مرنے کے بعد زندگی مل جانا ممکن ہے کیونکہ اگر زندگی ملنا ممکن نہ ہو تو پہلی بار بھی زندگی نہ ملتی تو ا س سے ثابت ہو گیا کہ اللہ تعالیٰ دوبارہ زندہ کرنے پر بھی قادر ہے۔( تفسیرکبیر، الجاثیۃ، تحت الآیۃ: ۲۷، ۹ / ۶۸۰)

{وَ یَوْمَ تَقُوْمُ السَّاعَةُ: اور جس دن قیامت قائم ہوگی۔} حشر و نشر کے ممکن ہونے کو بیان کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ نے  آیت کے اس حصے سے قیامت کے احوال کی تفصیل بیان فرمائی ہے،چنانچہ ارشاد فرمایا کہ جس دن قیامت قائم ہوگی اس دن جہنمی ہونے کی صورت میں کافروں کا نقصان میں ہونا ظاہر ہو جائے گا۔(تفسیرکبیر، الجاثیۃ، تحت الآیۃ: ۲۷، ۹ / ۶۸۰، جلالین، الجاثیۃ، تحت الآیۃ: ۲۷، ص۴۱۵، ملتقطاً)