banner image

Home ur Surah Al Mursalat ayat 48 Translation Tafsir

اَلْمُرْسَلٰت

Al Mursalat

HR Background

وَ اِذَا قِیْلَ لَهُمُ ارْكَعُوْا لَا یَرْكَعُوْنَ(48)وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ(49)فَبِاَیِّ حَدِیْثٍۭ بَعْدَهٗ یُؤْمِنُوْنَ(50)

ترجمہ: کنزالایمان اور جب ان سے کہا جائے کہ نماز پڑھو تو نہیں پڑھتے ۔ اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی۔ پھر اس کے بعد کون سی بات پر ایمان لائیں گے ۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور جب ان سے کہا جائے کہ جھک جاؤ تو وہ نہیں جھکتے ۔ اس دن جھٹلانے والوں کیلئے خرابی ہے۔ پھر اس کے بعد وہ کون سی بات پر ایمان لائیں گے؟

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ اِذَا قِیْلَ لَهُمُ: اور جب ان سے کہا جائے۔} قیامت کے دن جب کفار کو سجدے کے لئے بلایا جائے گا اور وہ سجدہ نہ کر سکیں  گے تو کہا جائے گا کہ جب دنیا میں  ان سے کہا جاتا کہ (ایمان لا کر) محمد مُصْطَفیٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اور ان کے صحابہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ کے ساتھ نماز پڑھو تو یہ نماز نہیں  پڑھتے تھے۔اسی سبب سے آج یہ سجدہ کرنے سے محروم کر دئیے گئے ۔( خازن، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۸، ۴ / ۳۴۵)

{وَیْلٌ یَّوْمَىٕذٍ لِّلْمُكَذِّبِیْنَ: اس دن جھٹلانے والوں  کیلئے خرابی ہے۔} یعنی قیامت کے دن ان لوگوں  کے لئے خرابی ہے جنہوں  نے دنیا میں  رکوع اور سجدہ کرنے سے انکار کیا اور اسلام قبول کرنے کا شرف حاصل نہ کیا۔( روح البیان، المرسلات، تحت الآیۃ: ۴۹، ۱۰ / ۲۹۱)

{فَبِاَیِّ حَدِیْثٍۭ بَعْدَهٗ یُؤْمِنُوْنَ: پھر اس کے بعد وہ کون سی بات پر ایمان لائیں  گے؟} یعنی قرآن شریف اللّٰہ تعالیٰ کی کتابوں  میں  سب سے آخری کتاب اور بہت ظاہر معجزہ ہے، جب یہ لوگ اس پر ایمان نہ لائے تو پھر ا س کے بعد وہ کس کتاب پر ایمان لائیں  گے ۔( مدارک، المرسلات، تحت الآیۃ: ۵۰، ص۱۳۱۲)