banner image

Home ur Surah Al Qasas ayat 55 Translation Tafsir

اَلْقَصَص

Al Qasas

HR Background

وَ اِذَا سَمِعُوا اللَّغْوَ اَعْرَضُوْا عَنْهُ وَ قَالُوْا لَنَاۤ اَعْمَالُنَا وَ لَكُمْ اَعْمَالُكُمْ٘-سَلٰمٌ عَلَیْكُمْ٘-لَا نَبْتَغِی الْجٰهِلِیْنَ(55)

ترجمہ: کنزالایمان اور جب بیہودہ بات سنتے ہیں اس سے تغافل کرتے ہیں اور کہتے ہیں ہمارے لیے ہمارے عمل اور تمہارے لیے تمہارے عمل بس تم پر سلام ہم جاہلوں کے غرضی نہیں ۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور جب بیہودہ بات سنتے ہیں اس سے منہ پھیر لیتے ہیں اور کہتے ہیں : ہمارے لیے ہمارے اعمال ہیں اور تمہارے لیے تمہارے اعمال ہیں ۔ بس تمہیں سلام، ہم جاہلوں کا ساتھ نہیں چاہتے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ اِذَا سَمِعُوا اللَّغْوَ اَعْرَضُوْا عَنْهُ: اور جب بیہودہ بات سنتے ہیں  اس سے منہ پھیر لیتے ہیں ۔} اس آیت کی ایک تفسیر یہ ہے کہ مکہ کے مشرکین اہلِ کتاب میں  سے ایمان لانے والوں  کو گالیاں  دیتے اور ان سے کہتے کہ تمہارا ستیاناس ہو، تم نے اپنے پرانے دین کو چھوڑ دیا۔ان کے اس طرزِ عمل پر ایمان لانے والے اہلِ کتاب ان سے منہ پھیر لیتے ہیں  اور یوں  کہتے ہیں :ہمارے لیے ہمارے اعمال ہیں  اور تمہارے لیے تمہارے اعمال ہیں ۔ بس تمہیں  دُور ہی سے سلام ہے اور ہم جاہلوں  کے ساتھ دوستی نہیں  کرنا چاہتے ۔دوسری تفسیر یہ ہے کہ مشرک لوگ مکہ مکرمہ کے ایمانداروں  کو ان کا دین ترک کرنے اور اسلام قبول کرنے پر گالیاں  دیتے اور بُرا کہتے، یہ حضرات ان کی بیہودہ باتیں  سن کر اِعراض فرماتے اور ان سے کہتے ہیں  کہ ہمارے لئے ہمارا دین ہے اور تمہارے لئے تمہارا دین ہے ، ہم تمہاری بیہودہ باتوں  اور گالیوں  کے جواب میں  گالیاں  نہ دیں  گے اور ہم جاہلوں  کے ساتھ میل جول نشست و بَرخاست نہیں  چاہتے کیونکہ ہمیں  جاہلانہ حرکات گوارا نہیں ۔( روح البیان، القصص، تحت الآیۃ: ۵۵، ۶ / ۴۱۴، خازن، القصص، تحت الآیۃ: ۵۵، ۳ / ۴۳۶، ملتقطاً)