banner image

Home ur Surah Al Qasas ayat 62 Translation Tafsir

اَلْقَصَص

Al Qasas

HR Background

وَ یَوْمَ یُنَادِیْهِمْ فَیَقُوْلُ اَیْنَ شُرَكَآءِیَ الَّذِیْنَ كُنْتُمْ تَزْعُمُوْنَ(62)قَالَ الَّذِیْنَ حَقَّ عَلَیْهِمُ الْقَوْلُ رَبَّنَا هٰۤؤُلَآءِ الَّذِیْنَ اَغْوَیْنَاۚ-اَغْوَیْنٰهُمْ كَمَا غَوَیْنَاۚ-تَبَرَّاْنَاۤ اِلَیْكَ٘-مَا كَانُوْۤا اِیَّانَا یَعْبُدُوْنَ(63)

ترجمہ: کنزالایمان اور جس دن انہیں ندا کرے گا تو فرمائے گا کہاں ہیں میرے وہ شریک جنہیں تم گمان کرتے تھے۔ کہیں گے وہ جن پر بات ثابت ہوچکی اے ہمارے رب یہ ہیں وہ جنہیں ہم نے گمراہ کیا ہم نے انہیں گمراہ کیا جیسے خود گمراہ ہوئے تھے ہم ان سے بیزار ہوکر تیری طرف رجوع لاتے ہیں وہ ہم کو نہ پوجتے تھے۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور یاد کروجس دن( الله) انہیں ندا کرے گا تو فرمائے گا: کہاں ہیں میرے وہ شریک جنہیں تم سمجھتے تھے۔ وہ لوگ جن پر قول ثابت ہوچکا ہے وہ کہیں گے: اے ہمارے رب! یہی ہیں وہ جنہیں ہم نے گمراہ کیا۔ ہم نے انہیں ایسے ہی گمراہ کیا جیسے ہم خود گمراہ ہوئے تھے۔ ہم(ان سے) بیزار ہوکر تیری طرف رجوع لاتے ہیں ، یہ ہماری عبادت نہ کرتے تھے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ یَوْمَ یُنَادِیْهِمْ: اور یاد کروجس دن(اللہ) انہیں  ندا کرے گا۔} اس آیت اور اس کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ مشرکوں  کو ڈانٹتے ہوئے ندا کرے گا اور ان سے فرمائے گا’’وہ کہاں  ہیں  جنہیں  تم دنیا میں  میرا شریک سمجھتے تھے۔ یہ ندا سن کرعام کفار کی بجائے گمراہوں  کے سردار اور کفر کے پیشوا جن پر جہنم کا عذاب واجب ہوچکا ہے، کہیں  گے : اے ہمارے رب! یہی ہماری پیروی کرنے والے وہ لوگ ہیں  جنہیں  ہم نے شرک کی طرف بلا کر گمراہ کیا۔ ہم نے انہیں  گمراہ کیا تو یہ اسی طرح گمراہ ہو گئے جیسے ہم خود گمراہ ہوئے تھے ۔اس سے ان کی مراد یہ ہوگی کہ جیسے ہم اپنے اختیار سے گمراہ ہوئے اسی طرح یہ بھی اپنے ہی اختیار سے گمراہ ہوئے کیونکہ ہم نے تو صرف انہیں  بہکایا تھا گمراہی پر مجبور نہیں  کیا تھااس لئے ہماری اور ان کی گمراہی میں  کوئی فرق نہیں  ۔ ہم ان سے اور جس کفر کو انہوں  نے اختیار کیا اس سے بیزار ہوکر تیری طرف رجوع لاتے ہیں ، یہ ہماری عبادت نہ کرتے تھے بلکہ یہ اپنی خواہشوں  کے پَرستار اور اپنی شہوات کے اطاعت گزار تھے۔(مدارک، القصص،تحت الآیۃ:۶۲-۶۳،ص۸۷۶-۸۷۷، روح البیان، القصص،تحت الآیۃ:۶۲-۶۳، ۶ / ۴۲۱، ملتقطاً)