banner image

Home ur Surah An Nahl ayat 123 Translation Tafsir

اَلنَّحْل

An Nahl

HR Background

ثُمَّ اَوْحَیْنَاۤ اِلَیْكَ اَنِ اتَّبِـعْ مِلَّةَ اِبْرٰهِیْمَ حَنِیْفًاؕ-وَ مَا كَانَ مِنَ الْمُشْرِكِیْنَ(123)

ترجمہ: کنزالایمان پھر ہم نے تمہیں وحی بھیجی کہ دین ابراہیم کی پیروی کرو جو ہر باطل سے الگ تھا اور مشرک نہ تھا۔ ترجمہ: کنزالعرفان پھر ہم نے آپ کی طرف وحی بھیجی کہ (آپ بھی) دینِ ابراہیم کی پیروی کریں جو ہر باطل سے جدا تھے اور وہ مشرک نہ تھے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

} ثُمَّ اَوْحَیْنَاۤ اِلَیْكَ: پھر ہم نے آپ کی طرف وحی بھیجی ۔{ اس آیت میں پیروی سے مراد عقائد اور اصولِ دین میں مُوافقت کرنا ہے۔ سیّد المرسَلین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو اس پیروی کا جو حکم دیا گیا ،اس میں آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی عظمت ومنزلت اور رفعت ِدرجات کا اظہار ہے کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا دین ِابراہیمی کی موافقت فرمانا حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے لئے اُن کے تمام فضائل و کمالات میں سب سے اعلیٰ فضل و شرف ہے کیونکہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اَکْرَمُ الْاَوَّلِیْنَ وَالْآخِرِیْنَ یعنی اَوّلین و آخرین میں سب سے زیادہ مُکرّ م ہیں(صاوی، النحل، تحت الآیۃ: ۱۲۳، ۳ / ۱۱۰۰، مدارک، النحل، تحت الآیۃ: ۱۲۳، ص۶۱۳، روح البیان، النحل، تحت الآیۃ: ۱۲۳، ۵ / ۹۴، ملتقطاً) جیسا کہ ترمذی شریف کی حدیث میں ہے۔( ترمذی، کتاب المناقب، باب ما جاء فی فضل النبیّ صلی اللّٰہ علیہ وسلم، ۵ / ۳۵۴، الحدیث: ۳۶۳۶) اور تمام انبیاءِ کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ساری مخلوق سے آپ  صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا مرتبہ افضل و اعلیٰ ہے۔