banner image

Home ur Surah An Nahl ayat 53 Translation Tafsir

اَلنَّحْل

An Nahl

HR Background

وَ مَا بِكُمْ مِّنْ نِّعْمَةٍ فَمِنَ اللّٰهِ ثُمَّ اِذَا مَسَّكُمُ الضُّرُّ فَاِلَیْهِ تَجْــٴَـرُوْنَ(53)

ترجمہ: کنزالایمان اور تمہارے پاس جو نعمت ہے سب اللہ کی طرف سے ہے پھر جب تمہیں تکلیف پہنچتی ہے تو اسی کی طرف پناہ لے جاتے ہو۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور تمہارے پاس جو نعمت ہے سب اللہ کی طرف سے ہے پھر جب تمہیں تکلیف پہنچتی ہے تو تم اسی سے فریادکرتے ہو۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ مَا بِكُمْ مِّنْ نِّعْمَةٍ:اور تمہارے پاس جو نعمت ہے۔} اس سے پہلی آیت میں  اللّٰہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ عقلمند پر لازم ہے کہ وہ اللّٰہ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور سے نہ ڈرے جبکہ ان آیات میں  بیان فرمایا کہ عقلمند پر یہ بھی لازم ہے کہ وہ اللّٰہ تعالیٰ کے علاوہ اور کسی کا شکر نہ کرے کیونکہ شکر نعمت کے بدلے میں  ہوتا ہے اور انسان کو جو نعمت بھی ملی ہے وہ اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے ملی ہے۔ (تفسیرکبیر، النحل، تحت الآیۃ: ۵۳، ۷ / ۲۲۱) اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اے لوگو! تمہارے بدنوں  میں  جو عافیت، صحت اور سلامتی ہے اور تمہارے مالوں  میں  جو نَشوونُما ہو رہی ہے ،تمہارے پاس یہ سب نعمتیں  اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے ہیں  کسی اور کی طرف سے نہیں  کیونکہ ساری نعمتیں  اللّٰہ تعالیٰ ہی کے دستِ قدرت میں  ہیں  اور جب تمہارے بدن کسی بیماری میں  مبتلا ہوتے ہیں  اور انہیں  کوئی عارضہ لاحق ہوتا ہے اور تمہاری عیش و عشرت میں  کمی واقع ہوتی ہے تو تم صرف اللّٰہ تعالیٰ سے دعائیں  کرتے ہو اور اسی سے مدد طلب کرتے ہو تاکہ وہ تم سے یہ مصیبت دور کر دے۔ (تفسیرطبری، النحل، تحت الآیۃ: ۵۳، ۷ / ۵۹۷)