banner image

Home ur Surah An Naml ayat 17 Translation Tafsir

اَلنَّمْل

An Naml

HR Background

وَ حُشِرَ لِسُلَیْمٰنَ جُنُوْدُهٗ مِنَ الْجِنِّ وَ الْاِنْسِ وَ الطَّیْرِ فَهُمْ یُوْزَعُوْنَ(17)

ترجمہ: کنزالایمان اور جمع کیے گئے سلیمان کے لیے اس کے لشکر جنوں اور آدمیوں اور پرندوں سے تو وہ روکے جاتے تھے۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور سلیمان کے لیے جنوں اور انسانوں اور پرندوں سے اس کے لشکر جمع کر دئیے گئے تو وہ روکے جاتے تھے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{ وَ حُشِرَ لِسُلَیْمٰنَ جُنُوْدُهٗ : اور سلیمان کے لیے اس کے لشکر جمع کر دئیے گئے۔} اس آیت کا ایک مفہوم یہ ہے کہ حضرت سلیمان عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے لئے مختلف مقامات سے جنوں ، انسانوں  اور پرندوں  کے لشکروں  کو جمع کر دیا گیا اور اس لشکر کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ ان کا انتظام کرنے کے لئے اگلوں  کو آگے بڑھنے سے روکا جاتا تاکہ سب جمع ہوجائیں ، اس کے بعد انہیں  چلایا جاتا تھا۔ دوسرا مفہوم یہ ہے کہ حضرت سلیمان عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے لیے جنّوں  اور انسانوں  اور پرندوں  سے اس کے لشکر جمع کر دئیے گئے تو وہ پہلے ایک جگہ ترتیب سے روکے جاتے تھے پھر انہیں  کہیں  روانہ کیا جاتا تھا۔ مروی ہے کہ حضرت سلیمان عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے لشکر کی جگہ ایک سو فرسخ (یعنی تین سو میل) میں  تھی۔ 25 فرسخ (یعنی 75 میل) جنوں  کے لئے، 25فرسخ انسانوں  کے لئے، 25 فرسخ پرندوں  کے لئے اور25 فرسخ وحشی جانوروں  کے لئے تھی۔(ابو سعود، النمل، تحت الآیۃ: ۱۷، ۴ / ۱۹۱ - ۱۹۲، ملخصاً) فی زمانہ کی چھاؤنیوں  کا سسٹم دیکھ کر یہ بات کوئی بعید نہیں  لگتی۔