ترجمہ: کنزالایمان
اے سننے والے تجھے جو بھلائی پہنچے وہ اللہ کی طرف سے ہے اور جو برائی پہنچے وہ تیری اپنی طرف سے ہے اور اے محبوب ہم نے تمہیں سب لوگوں کے لیے رسول بھیجا اور اللہ کافی ہے گواہ ۔
ترجمہ: کنزالعرفان
اے سننے والے! تجھے جو بھلائی پہنچتی ہے وہ اللہ کی طرف سے ہے اور تجھے جو برائی پہنچتی ہے وہ تیری اپنی طرف سے ہے اور اے حبیب! ہم نے تمہیں سب لوگوں کے لئے رسول بنا کربھیجا ہے اور گواہی کے لئے اللہ ہی کافی ہے۔
تفسیر: صراط الجنان
{مَاۤ اَصَابَكَ مِنْ
حَسَنَةٍ: تجھے جو بھلائی پہنچتی ہے ۔} ارشادفرمایا
گیا کہ اے مخاطب! تمہیں جو بھلائی پہنچتی ہے وہ اللہ کریم کا فضل و رحمت ہے اور تجھے جو برائی پہنچتی ہے وہ تیری اپنی
وجہ سے ہے کہ تو نے ایسے گناہوں کا ارتکاب کیا کہ تو اس کا مستحق ہوا۔ یہاں بھلائی
کی نسبت اللہعَزَّوَجَلَّ کی طرف اور برائی کی نسبت بندے کی طرف کی گئی ہے جب کہ اوپر کی آیت
میں سب کی نسبت اللہعَزَّوَجَلَّ کی طرف ہے ،خلاصہ یہ ہے کہ
بندہ جب مُؤثّر ِ حقیقی کی طرف نظر کرے تو ہر چیز کو اُسی کی طرف سے جانے اور جب
اسباب پر نظر کرے تو برائیوں کو اپنی شامت ِنفس کے سبب سے سمجھے۔
{وَ اَرْسَلْنٰكَ
لِلنَّاسِ رَسُوْلًا: اور اے
حبیب! ہم نے تمہیں سب لوگوں کے لئے رسول بنا کربھیجا ہے۔} رسولِ کائنات صَلَّی اللہُ
تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ تمام عرب و عجم اور ساری
مخلوق کے لئے رسول بنائے گئے اور کل جہان آپ کا امتی کیا گیا۔ یہ سرورِ عالم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے جلیلُ القدر منصب اورعظیمُ الْمَرتَبَت قدر و مَنزِلَت کا بیان ہے۔ اَوّلین وآخرین سارے انسانوں کے آپ
نبی ہیں ، حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے لے کر یَوم قیامت تک سب انسان آپ کے امتی ہیں ، اسی لئے تمام
نَبِیُّوں نے حضورصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ
وَسَلَّمَ کے پیچھے نماز پڑھی۔
سورۂ نساء مدینہ منورہ
میں نازل ہوئی ہے۔ (خازن، النساء،ج۱،
ص ۳۴۰)
رکوع اور آیات کی تعداد:
اس میں 24رکوع اور 176 آیتیں
ہیں۔
’’نساء‘‘ نام رکھے جانے
کی وجہ:
عربی میں عورتوں
کو’’نساء‘‘ کہتے ہیں اوراس سورت میں بہ کثرت وہ احکام بیان کئے گئے ہیں جن کا تعلق
عورتوں کے ساتھ ہے ا س لئے اسے ’’ سورۂ نساء‘‘ کہتے ہیں۔
سورۂ نساء کے فضائل:
(1)…سورۂ نساء کی
ایک آیتِ مبارکہ کے بارے میں حضرت عبداللہ بن
مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی
عَنْہُفرماتے
ہیں ، نبی کریمصَلَّی اللہُ تَعَالٰی
عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے مجھ سے ارشاد فرمایا ’’مجھے قرآنِ مجید پڑھ کر سناؤ۔میں نے عرض
کی: یا رسولاللہ! صَلَّی اللہُ
تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ،میں آپ کو پڑھ کر سناؤں حالانکہ یہ تو آپ پر
نازل فرمایاگیا ہے!ارشاد فرمایا ’’ہاں (تم پڑھ کر سناؤ) ۔ چنانچہ میں نے سورۂ نساء پڑھی حتّٰی کہ جب میں
اس آیت پر پہنچا : فَكَیْفَ اِذَا جِئْنَا مِنْ كُلِّ اُمَّةٍۭ بِشَهِیْدٍ وَّ جِئْنَا
بِكَ عَلٰى هٰۤؤُلَآءِ شَهِیْدًاﳳ(۴۱) (نساء:۴۱)
ترجمۂ کنزُالعِرفان:تو کیسا حال ہوگا جب ہم
ہر امت میں سے ایک گواہ لائیں گے اور اے حبیب! تمہیں ان سب پر گواہ اور نگہبان
بناکر لائیں گے۔
تو آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ
وَسَلَّمَنے
ارشاد فرمایا’’بس کرو ،اب تمہارے لئے یہی کافی ہے۔میں حضور پرنور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ
وَسَلَّمَکی طرف متوجہ ہوا تو دیکھا کہ آپ کی مبارک آنکھوں سے آنسو رواں
ہیں۔ (بخاری، کتاب فضائل القرآن، باب قول المقریء
للقاریئ: حسبک،۳ / ۴۱۶، الحدیث:۵۰۵۰)
(2)…حضرت عمر فاروق رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُفرماتے ہیں ’’سورۂ بقرہ،
سورۂ نساء، سورۂ مائدہ، سورۂ حج اور سورۂ نور سیکھو کیونکہ ان سورتوں میں فرض
علوم بیان کئے گئے ہیں۔(مستدرک، کتاب التفسیر،
تفسیر سورۃ النور،۳ / ۱۵۸، الحدیث:۳۵۴۵)
(3)…حضرت عبداللہ بن عباس رَضِیَ
اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَافرماتے ہیں ’’جس نے سورۂ نساء پڑھی تو وہ جان لے
گا کہ وراثت میں کون کس سے محروم ہوتا ہے اور کون کس سے محروم نہیں ہوتا ۔(مصنف ابن ابی شیبہ، کتاب الفرائض، ما قالوا فی
تعلیم الفرائض،۷ / ۳۲۴، الحدیث:۵)
(4)…حضرت عمر فاروق رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُفرماتے ہیں ’’جس نے سورۂ
بقرہ، سورۂ آل عمران اور سورۂ نساء پڑھی تو وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حکمت والے لوگوں میں سے لکھا جائے گا۔(شعب
الایمان، التاسع عشر من شعب الایمان، فصل فی فضائل السور والآیات،۲ /
۴۶۸،
الحدیث:۲۴۲۴)
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں یتیم بچوں اور عورتوں کے حقوق اور ان
سے متعلق احکام بیان کئے گئے ہیں جیسے یتیم بچوں کے
مال کو اپنے مال میں ملا کر کھا جانے کو بڑ اگناہ قرار دیا گیا۔ناسمجھ یتیم بچوں
کا مال ان کے حوالے کرنے سے منع کیا گیا اور جب وہ شادی کے قابل اور سمجھدار ہو
جائیں تو ان کا مال ان کے سپرد کردینے کا حکم دیاگیا۔ یتیموں کے مال ناحق کھا جانے
پر وعید بیان کی گئی۔ اسی طرح عورتوں کا مہر انہیں دینے کا حکم دیا گیا اور مہر سے
متعلق چند اور مسائل بیان کئے گئے۔ میراث کے مال
میں عورتوں کے باقاعدہ حصے مقرر کئے گئے ۔ ان عورتوں کا ذکر کیا گیا جن سے
نسب، رَضاعت اور مُصاہَرت کی وجہ سے ہمیشہ کے لئے نکاح حرام ہے اور جن عورتوں سے
کسی سبب کی وجہ سے عارضی طور پر نکاح حرام ہے۔
ایک سے زیادہ عورتوں کے ساتھ شادی کرنے کے احکام بیان کئے گئے اورنافرمان عورت کی
اصلاح کا طریقہ ذکر کیا گیا ۔ اس کے علاوہ سورۂ نساء میں یہ مضامین بیان
ہوئے ہیں۔
(1) …والدین ،رشتہ داروں ،یتیموں ،مسکینوں ، قریبی اور
دور کے پڑوسیوں ،مسافروں اور لونڈی غلاموں کے ساتھ حسنِ سلوک اور بھلائی کرنے کا
حکم دیا گیا ۔
(2) …میراث کے احکام تفصیل کے ساتھ بیان کئے گئے۔
(3)… کن لوگوں کی توبہ مقبول ہے اور کن کی توبہ قبول
نہیں کی جائے گی۔
(4)… شوہر، بیوی کے ایک دوسرے پر حقوق اور ازدواجی زندگی
کے رہنما اصول بیان کئے ہیں۔
(5)… مال اور خون میں مسلمانوں کے اجتماعی معاملات کے
احکام بیان کئے گئے ۔
(6) … کبیرہ گناہوں سے بچنے کی
فضیلت بیان کی گئی، حسد سے بچنے کا حکم دیا گیا نیز تکبر، بخل اور ریاکاری کی مذمت
بھی بیان کی گئی۔
(7) … جہاد کے بارے میں احکامات
بیان کئے گئے۔
(8) …قاتل کے بارے میں احکام،ہجرت کے بارے میں احکام اور
نمازِ خوف کا طریقہ بیان کیا گیا ہے۔
(9) …نیک اعمال کرنے اور گناہوں سے توبہ کرنے کی تلقین
کی گئی ہے
(10) …اخلاقی اور ملکی معاملات کے اصول اور جنگ کے بعض
احکام بیان کئے گئے ہیں۔
(11) …منافقوں ، عیسائیوں اور بطور خاص یہودیوں کے خطرات
سے مسلمانوں کو آگاہ کیا گیا ہے۔
(12) …اس سورت کے آخر میں حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے بارے
میں عیسائیوں کی گمراہیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
سورۂ نساء کی اپنے سے ماقبل
سورت ’’آلِ عمران ‘‘ کے ساتھ کئی طرح سے مناسبت ہے ،جیسے سورۂ آلِ عمران کے آخر میں مسلمانوں کو تقویٰ اور پرہیز گاری اختیار
کرنے کا حکم دیا گیا تھا اور سورۂ نساء کے ابتداء میں تمام لوگوں کو اس چیز
کا حکم دیاگیا ہے۔ سورۂ آلِ عمران میں غزوۂ اُحد کا واقعہ تفصیل کے ساتھ بیان
کیا گیا تھا اور اس سورت کی آیت نمبر 88میں بھی غزوۂ احد کا ذکر
ہے۔سورۂ آلِ عمران میں غزوۂ احد کے بعد ہونے والے غزوہ ، حمراء ُالاسد کا ذکر
ہے اور اس سورت کی آیت نمبر 104میں بھی اس غزوے کی طرف
اشارہ کیا گیا ہے۔ دونوں سورتوں میں یہودیوں اور عیسائیوں کے حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے بارے
میں باطل نظریات کا رد کیا گیاہے۔(تناسق الدرر، سورۃ النساء، ص۷۶-۷۷)