banner image

Home ur Surah Ash Shuara ayat 18 Translation Tafsir

اَلشُّـعَرَاء

Surah Ash Shuara

HR Background

قَالَ اَلَمْ نُرَبِّكَ فِیْنَا وَلِیْدًا وَّ لَبِثْتَ فِیْنَا مِنْ عُمُرِكَ سِنِیْنَ(18)وَ فَعَلْتَ فَعْلَتَكَ الَّتِیْ فَعَلْتَ وَ اَنْتَ مِنَ الْكٰفِرِیْنَ(19)

ترجمہ: کنزالایمان بو لا کیا ہم نے تمہیں اپنے یہاں بچپن میں نہ پالا اور تم نے ہما رے یہا ں اپنی عمر کے کئی برس گزارے۔ اور تم نے کیا اپنا وہ کام جو تم نے کیا اور تم نا شکر تھے۔ ترجمہ: کنزالعرفان ۔ (فرعون نے) کہا: کیا ہم نے تمہیں اپنے ہاں بچپن میں نہ پالا؟ اور تم نے ہما رے یہاں اپنی عمر کے کئی سال گزارے۔ اور تم نے اپنا وہ کام کیا جو تم نے کیا اور تم شکریہ ادا کرنے والوں میں سے نہیں ہو۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{قَالَ: کہا۔} جب فرعون نے حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو پہچان لیا تو احسان جتاتے ہوئے آپ سے کہا: کیا ہم نے تمہیں  اپنے شاہی محل میں  بچپن میں  نہ پالا ؟اور تم نے ہما رے محل میں  اپنی عمر کے کئی سال گزارے۔ مفسرین فرماتے ہیں  کہ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے فرعون کے محل میں  تیس سال گزارے اوراس زمانے میں  حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام فرعون کے عمدہ لباس پہنتے تھے اور اس کی سواریوں  میں  سوار ہوتے تھے اور اس کے فرزند کے طور پر مشہور تھے۔( جلالین، الشعراء، تحت الآیۃ: ۱۸، ص۳۱۰، روح البیان، الشعراء، تحت الآیۃ: ۱۸، ۶ / ۲۶۷، ملتقطاً)

{وَ فَعَلْتَ: اور تم نے کیا۔} فرعون نے مزید یہ کہا کہ اے موسیٰ! تم نے ہمارے احسانات کے باوجود قبطی کو قتل کیااور تم شکریہ ادا کرنے والوں  میں  سے نہیں  ہو کیونکہ تم نے ہماری نعمت کی شکرگزاری نہ کی اور ہمارے ایک آدمی کو قتل کردیا۔( خازن، الشعراء، تحت الآیۃ: ۱۹، ۳ / ۳۸۴، ملتقطاً)