banner image

Home ur Surah Ash Shuara ayat 89 Translation Tafsir

اَلشُّـعَرَاء

Surah Ash Shuara

HR Background

وَ لَا تُخْزِنِیْ یَوْمَ یُبْعَثُوْنَ(87)یَوْمَ لَا یَنْفَعُ مَالٌ وَّ لَا بَنُوْنَ(88)اِلَّا مَنْ اَتَى اللّٰهَ بِقَلْبٍ سَلِیْمٍﭤ(89)

ترجمہ: کنزالایمان اور مجھے رسوا نہ کرنا جس دن سب اٹھائے جائیں گے۔ جس دن نہ مال کام آئے گا نہ بیٹے۔ مگر وہ جو اللہ کے حضور حاضر ہوا سلامت دل لے کر۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور مجھے اس دن رسوا نہ کرنا جس دن سب اٹھائے جائیں گے۔ جس دن نہ مال کام آئے گا اور نہ بیٹے۔ مگر وہ جو اللہ کے حضور سلامت دل کے ساتھ حاضر ہوگا۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ لَا تُخْزِنِیْ: اور مجھے رسوا نہ کرنا۔} اس آیت اوراس کے بعد والی دو آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے ایک دعا یہ مانگی کہ اے میرے رب ! عَزَّوَجَلَّ ، مجھے قیامت کے اس دن رسوا نہ کرنا جس دن سب لوگوں  کو اٹھایا جائے گا اوراس دن نہ مال کام آئے گا اورنہ بیٹے البتہ ا س دن جو اللہ تعالٰی کے حضور کفر، شرک اور نفاق سے سلامت دل کے ساتھ حاضر ہوگا تو اسے راہِ خدا میں  خرچ کیا ہو امال بھی نفع دے گا اور اس کی نیک اولاد بھی اسے نفع دے گی۔( مدارک، الشعراء، تحت الآیۃ: ۸۷-۸۹، ص۸۲۳، ملخصاً)

آخر ت میں  مسلمانوں  کو ان کے مال اور اولاد سے نفع حاصل ہو گا:

            یاد رہے کہ کافر و مشرک جو مال نیک کاموں  میں  خرچ کرے گا آخرت میں  وہ جہنم کے عذاب سے نجات دلانے اور اللہ تعالٰی کی بارگاہ سے ثواب حاصل کرنے میں  اس کے کوئی کام نہ آئے گا البتہ مسلمان جو مال اللہ تعالٰی کی راہ میں  خرچ کرے گا اور جو نیک اولاد چھوڑ کر مرے گا وہ مال اور اولاد اس کے کام آئے گی اور اللہ تعالٰی اپنے فضل و کرم سے مسلمان کو اس کے صدقات و خیرات کا ثواب عطا فرمائے گا۔

            حضرت ابو ہریرہ  رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضور پُر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جب آدمی مرجاتا ہے تو اس کے تین اعمال کے علاوہ باقی عمل مُنقطع ہوجاتے ہیں ۔ (1)صدقہ ٔجاریہ۔(2) وہ علم جس سے لوگ نفع اٹھائیں ۔ (3) نیک اولاد جو اس کے لئے دعا کرے۔( مسلم، کتاب الوصیۃ، باب ما یلحق الانسان من الثواب بعد وفاتہ، ص۸۸۶، الحدیث: ۱۴(۱۶۳۱))

          نوٹ:یاد رہے کہ حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے اپنی دعا میں  قیامت کے دن کی رسوائی سے جو پناہ مانگی یہ دعا بھی لوگوں  کی تعلیم کے لئے ہے تاکہ وہ اس کی فکر کریں  اور قیامت کے دن کی رسوائی سے بچنے کی کوشش کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالٰی کی بارگاہ میں  ا س کے لئے دعا بھی مانگیں ۔