banner image

Home ur Surah At Tariq ayat 2 Translation Tafsir

اَلطَّارِق

At Tariq

HR Background

وَ السَّمَآءِ وَ الطَّارِقِ(1)وَ مَاۤ اَدْرٰىكَ مَا الطَّارِقُ(2)النَّجْمُ الثَّاقِبُ(3)اِنْ كُلُّ نَفْسٍ لَّمَّا عَلَیْهَا حَافِظٌﭤ(4)

ترجمہ: کنزالایمان آسمان کی قسم اور رات کو آنے والے کی۔ اور کچھ تم نے جا نا وہ رات کو آنے والا کیا ہے۔ خوب چمکتا تارا۔ کوئی جان نہیں جس پر نگہبان نہ ہو۔ ترجمہ: کنزالعرفان آسمان کی اور رات کو آنے والے کی قسم۔ اورتمہیں کیا معلوم کہ رات کو آنے والا کیا ہے؟ خوب چمکنے والا ستارا ہے۔ کوئی جان نہیں مگر اس پر نگہبان موجود ہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ السَّمَآءِ وَ الطَّارِقِ: آسمان کی اور رات کو آنے والے کی قسم۔} شانِ نزول :ایک رات سرکارِ دو عالَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی خدمت میں  ابو طالب کچھ ہدیہ لائے ،حضور پُر نور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ اس کو تَناوُل فرما رہے تھے کہ اسی دوران ایک ستارا ٹوٹا اور پوری فضا آگ سے بھر گئی۔ ابو طالب گھبرا کر کہنے لگے کہ یہ کیا ہے؟نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’کہ یہ ستارہ ہے جس سے شَیاطین مارے جاتے ہیں  اور یہ اللّٰہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانیوں میں  سے ہے۔ ابو طالب کو اس سے تعجب ہوا تو اللّٰہ تعالیٰ نے (اپنے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی تصدیق میں ) یہ آیات نازل فرمائیں۔چنانچہ اس آیت اور اس کے بعد والی 3آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے آسمان کی اور رات میں  خوب چمکنے والے ستارے کی قسم ذکر کر کے ارشاد فرمایا کہ ہر جان پر اس کے رب عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے ایک نگہبان مقررہے جو اس کے اعمال کی نگہبانی کرتا ہے او راس کی نیکی بدی سب لکھ لیتا ہے۔ حضر ت عبداللّٰہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں  کہ یہاں  نگہبان سے مراد فرشتے ہیں ۔( خازن، الطّارق، تحت الآیۃ: ۱-۴، ۴ / ۳۶۸)

            ان فرشتوں  کے بارے میں  اللّٰہ تعالیٰ نے ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا:

’’وَ یُرْسِلُ عَلَیْكُمْ حَفَظَةً‘‘(انعام:۶۱)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور وہ تم پر نگہبان بھیجتا ہے۔

 آیت ’’اِنْ كُلُّ نَفْسٍ لَّمَّا عَلَیْهَا حَافِظٌ‘‘ سے حاصل ہونے والی معلومات:

            اس آیت سے دو باتیں  معلوم ہوئیں :

(1)… اگرچہ رب تعالیٰ اس بات پرقادر ہے کہ خود سب کی ہر طرح حفاظت فرمائے ، مگر قانون یہ ہے کہ یہ کام اس کے مقرر کردہ فرشتے کریں ۔

(2)… رب تعالیٰ کے بعض نام اس کے بندوں  کو دے سکتے ہیں ، جیسے اللّٰہ تعالیٰ کا ایک نام حافظ ہے اور یہاں  آیت میں  فرشتوں کو حافظ بتایا گیا، لہٰذا ہم یہ کہہ سکتے ہیں  کہ اللّٰہ تعالیٰ اور اس کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ ہمارے حافظ وناصرہیں۔