banner image

Home ur Surah Fatir ayat 15 Translation Tafsir

اَلْفَاطِر

Fatir

HR Background

یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ اَنْتُمُ الْفُقَرَآءُ اِلَى اللّٰهِۚ-وَ اللّٰهُ هُوَ الْغَنِیُّ الْحَمِیْدُ(15)

ترجمہ: کنزالایمان اے لوگو! تم سب اللہ کےمحتاج اور اللہ ہی بے نیاز ہے سب خوبیوں سراہا۔ ترجمہ: کنزالعرفان اے لوگو!تم سب اللہ کے محتاج ہواور اللہ ہی بے نیاز ، تمام خوبیوں والا ہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ اَنْتُمُ الْفُقَرَآءُ اِلَى اللّٰهِ: اے لوگو!تم سب اللہ کے  محتاج ہو۔} اگرچہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ ہر چیز اللہ تعالیٰ کی     محتاج ہے لیکن اس آیت میں  بطورِ خاص انسانوں  کو ا س لئے مُخاطَب کیا گیا کہ انسان ہی مالداری کا دعویٰ کرتے اور اسے اپنی طرف منسوب کرتے ہیں ۔آیت کا معنی یہ ہے کہ اے لوگو! مخلوق میں  سے تم سب سے زیادہ اپنی جان،اہل و عیال ،مال اورتمام اُمور میں  اللہ تعالیٰ کے فضل واحسان کے حاجت مند ہو ،تمہیں  پلک جھپکنے بلکہ ا س سے بھی کم مقدار میں  اللہ تعالیٰ سے بے نیازی نہیں  ہو سکتی، اور اللہ تعالیٰ ہی اپنی مخلوق سے بے نیاز ہے، وہ ان کا حاجت مندنہیں  اور وہی مخلوق پر اپنے احسانات اور انعامات کی وجہ سے تمام تعریفوں  کا مستحق ہے ۔( صاوی، فاطر، تحت الآیۃ: ۱۵، ۵ / ۱۶۹۲، خازن، فاطر، تحت الآیۃ: ۱۵، ۳ / ۵۳۲، ملتقطاً)

            حضرت ذُوالنُّون مصری رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے فرمایا کہ مخلوق ہر دم اور ہر لحظہ اللہ تعالیٰ کی محتاج ہے اور کیوں  نہ ہوگی کہ ان کی ہستی اور ان کی بقا سب اس کے کرم سے ہی تو ہے۔( مدارک، فاطر، تحت الآیۃ: ۱۵، ص۹۷۵)