banner image

Home ur Surah Hud ayat 42 Translation Tafsir

وَ هِیَ تَجْرِیْ بِهِمْ فِیْ مَوْجٍ كَالْجِبَالِ- وَ نَادٰى نُوْحُ-ﰳابْنَهٗ وَ كَانَ فِیْ مَعْزِلٍ یّٰبُنَیَّ ارْكَبْ مَّعَنَا وَ لَا تَكُنْ مَّعَ الْكٰفِرِیْنَ(42)

ترجمہ: کنزالایمان اور وہ انہیں لیے جارہی ہے ایسی موجوں میں جیسے پہاڑ اور نوح نے اپنے بیٹے کو پکارا اور وہ اس سے کنارے تھا اے میرے بچے ہمارے ساتھ سوار ہوجا اور کافروں کے ساتھ نہ ہو۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور وہ کشتی انہیں پہاڑ جیسی موجوں کے درمیان لے کر چل رہی تھی اور نوح نے اپنے بیٹے کو پکارا اور وہ اس (کشتی) سے (باہر) ایک کنارے پر تھا : اے میرے بیٹے! تو ہمارے ساتھ سوار ہوجا اور کافروں کے ساتھ نہ ہو۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ هِیَ تَجْرِیْ بِهِمْ فِیْ مَوْجٍ كَالْجِبَالِ:اور وہ کشتی انہیں پہاڑ جیسی موجوں کے درمیان لے کر چل رہی تھی۔} جب حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی قوم پر عذاب نازل ہو اتوچالیس دن اور رات آسمان سے بارش برستی رہی اور زمین سے پانی اُبلتا رہا ۔ پانی پہاڑوں سے اونچا ہو گیا یہاں تک کہ ہر چیز اس میں ڈوب گئی اور ہوا اس شدت سے چل رہی تھی کہ اس کی وجہ سے پہاڑوں کی مانند اونچی لہریں بلند ہو رہی تھیں۔ (خازن، ہود، تحت الآیۃ: ۴۲، ۲ / ۳۵۳، ملخصاً)

نوٹ:اس واقعے کی مزید تفصیل سورۂ قمر کی آیت نمبر 11تا 15 میں ہے۔

{وَ نَادٰى نُوْحُ ﰳابْنَهٗ:اور نوح نے اپنے بیٹے کو پکارا ۔} حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا بیٹا کنعان ا س کشتی سے باہر ایک کنارے پر تھا، حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامنے اسے پکارا: اے میرے بیٹے! تو ہمارے ساتھ کشتی میں سوار ہوجا اور سواری سے محروم رہنے والے کافروں کے ساتھ نہ ہو۔ علماء فرماتے ہیں کہ حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا بیٹا کنعان منافق تھا،اپنے آپ کو مسلمان ظاہر کرتا اور اپنے کفر کو چھپاتا تھا ،جب طوفان آیا تو اس نے اپنا باطنی کفر ظاہر کر دیا۔ (جلالین مع صاوی، ہود، تحت الآیۃ: ۴۲، ۳ / ۹۱۴)