banner image

Home ur Surah Taha ayat 10 Translation Tafsir

اِذْ رَاٰ نَارًا فَقَالَ لِاَهْلِهِ امْكُثُوْۤا اِنِّیْۤ اٰنَسْتُ نَارًا لَّعَلِّیْۤ اٰتِیْكُمْ مِّنْهَا بِقَبَسٍ اَوْ اَجِدُ عَلَى النَّارِ هُدًى(10)

ترجمہ: کنزالایمان جب اس نے ایک آگ دیکھی تو اپنی بی بی سے کہا ٹھہرو مجھے ایک آگ نظر پڑی ہے شاید میں تمہارےلیے اس میں سے کوئی چنگاری لاؤں یا آگ پر راستہ پاؤں ۔ ترجمہ: کنزالعرفان جب اس نے ایک آگ دیکھی تو اپنی اہلیہ سے فرمایا: ٹھہرو، بیشک میں نے ایک آگ دیکھی ہے شاید میں تمہارے پاس اس میں سے کوئی چنگاری لے آؤں یا آگ کے پاس کوئی راستہ بتانے والا پاؤں ۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{اِذْ رَاٰ نَارًا:جب اس نے ایک آگ دیکھی۔} جب حضرت موسیٰ عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے آگ دیکھی تواپنی زوجۂ محترمہ سے فرمایا: آپ یہیں  ٹھہرو، میں  نے ایک جگہ آگ دیکھی ہے، اس لئے میں جا تا ہوں ، شاید میں  تمہارے پاس اس آگ میں  سے کوئی چنگاری لے آؤں  یا مجھے آگ کے پاس کو ئی ایسا شخص مل جائے جس سے درست راستہ پوچھ کر ہم مصرکی طرف روانہ ہو سکیں ۔

زوجہ اہلِ بیت میں  داخل ہے:

            اس آیت میں  حضرت موسیٰ عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی زوجہ کو’’ اہل ‘‘فرمایا گیا، اس سے معلوم ہوا کہ بیوی اہلِ بیت میں  سے ہوتی ہے اور یہ اس بات کی دلیل ہے کہ سرکارِ دو عالَم صَلَّی  اللہ  تَعَالٰی  عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اَزواجِ مُطَہّرات رَضِیَ  اللہ  تَعَالٰی  عَنْہُنَّ آپ صَلَّی اللہ  تَعَالٰی  عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے اہلِ بیت میں  داخل ہیں  ۔