Home ≫ ur ≫ Surah Taha ≫ ayat 104 ≫ Translation ≫ Tafsir
نَحْنُ اَعْلَمُ بِمَا یَقُوْلُوْنَ اِذْ یَقُوْلُ اَمْثَلُهُمْ طَرِیْقَةً اِنْ لَّبِثْتُمْ اِلَّا یَوْمًا(104)
تفسیر: صراط الجنان
{نَحْنُ اَعْلَمُ:ہم خوب جانتے ہیں ۔} ارشاد فرمایا کہ کفار دنیا میں ٹھہرنے کی مدت کے بارے آپس میں جو آہستہ آہستہ باتیں کریں گے اسے ہم خوب جانتے ہیں ۔ کچھ لوگ تو دس راتیں رہنے کا کہیں گے جبکہ ان میں سب سے بہتر رائے والا قیامت کی ہولناکیاں دیکھ کر کہے گا کہ تم تو صرف ایک ہی دن دنیا میں رہے تھے۔ بعض مفسرین کے نزدیک کفار کو دنیا میں ٹھہرنے کی مدت بہت کم معلوم ہو گی جیسا کہ اوپر ذکر ہوا، جبکہ بعض مفسرین نے کہا ہے کہ وہ اس دن کی سختیاں دیکھ کر اپنے دنیا میں رہنے کی مقدار ہی بھول جائیں گے۔( خازن، طہ، تحت الآیۃ: ۱۰۴، ۳ / ۲۶۳)
وقت ایک قیمتی جوہر ہے اسے ضائع نہ کریں :
یہاں یہ بات یاد رہے کہ وقت ایک نفیس نقدی اور لطیف جوہر ہے، اسے کسی حقیر اور فانی چیز کو پانے کے لئے خرچ نہ کیا جائے بلکہ اس سے وہ چیز حاصل کرنے کی کوشش کی جائے جو انتہائی اعلیٰ اور ہمیشہ رہنے والی ہے ، لہٰذا ہر عقلمند آدمی کو چاہئے کہ وہ اپنے وقت کو صرف دُنْیَوی زندگی کو پرسکون بنانے، اس کی لذتوں اور رنگینیوں سے لطف اندوز ہونے اور اس کے عیش و عشرت کے حصول میں صَرف کر کے اسے ضائع نہ کرے بلکہ اپنی آخرت بہتر سے بہتر بنانے میں اپنا کامل وقت استعمال کرے کیونکہ دنیا کسی کا مستقل ٹھکانہ نہیں اور دنیا کا عیش بہت تھوڑا اور ا س کا خطرہ بہت بڑ اہے اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اس کی قدر انتہائی کم ہے حتّٰی کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک مچھر کے پر برابر بھی دنیا کی حیثیت نہیں اس لئے دنیا کے دھوکے میں مبتلا ہو کر اپنی اُخروی زندگی کو عذاب میں ڈال دینا سمجھدار کے شایانِ شان نہیں ۔
دنیا کے بارے میں امام محمد غزالی رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں : جو شخص دنیا کے دھوکے میں آتا ہے اس کا ٹھکانہ ذلت ہے اور جو آدمی اس کے ذریعے تکبر کرتا ہے اس کی منزل کفِ افسوس ملنا ہے۔ دنیا کا کام طلب کرنے والوں سے بھاگنا اور بھاگنے والوں کو تلاش کرنا ہے۔ جو دنیا کی خدمت کرتا ہے تو یہ اس سے چلی جاتی ہے اور جو اس سے منہ پھیرتا ہے یہ اس کے پاس آتی ہے۔ دنیا صاف بھی ہو تو آلودگیوں کے شائبے سے خالی نہیں ہوتی اور اگر یہ سُرور بھی پہنچائے تو وہ پریشانیوں سے خالی نہیں ہوتا۔ دنیا کی سلامتی اپنے پیچھے بیماری لاتی ہے اور اس کی جوانی بڑھاپے کی طرف لے جاتی ہے۔ دنیا کی نعمتیں حسرت اور ندامت کے سوا کچھ نہیں دیتیں تو یہ دنیا دھوکے باز، مکار، اڑنے والی اور بھاگنے والی ہے اور اپنے چاہنے والوں کے لیے ہمیشہ بن سنور کر رہتی ہے، یہاں تک کہ جب وہ اس کے دوست بن جاتے ہیں تو یہ ان پر دانت نکالتی (یعنی ان کی بے بسی پر ہنستی یا انہیں دھمکاتی ) ہے۔ دنیا اپنے اَسباب کے مقامات بکھیر دیتی ہے اور اپنے تعجب کے خزانے ان دوستوں کے لیے کھول دیتی ہے، پھر انہیں اپنے زہر سے ہلاکت کا مزہ چکھاتی اور اپنے تیروں سے زخمی کرتی ہے۔ جب دنیا دار خوشی کی حالت میں ہوتے ہیں تو یہ اچانک ان سے منہ پھیرلیتی ہے اور یوں لگتا ہے گویا وہ پریشان خواب تھے ،پھر ان پر حملہ آور ہوکر انہیں کفن میں چھپا کر مٹی کے نیچے رکھ دیتی ہے۔ اگر ان میں سے کوئی ایک پوری دنیا کا مالک بھی بن جائے تویہ اسے یوں کاٹ کر رکھ دیتی ہے کہ گویا کل اس کا وجودہی نہ تھا۔ دنیا کو چاہنے والے خوشی کی تمنا کرتے ہیں اور یہ ان کو دھوکے کا وعدہ دیتی ہے حتّٰی کہ وہ بہت زیادہ امید رکھتے ہیں اور محلات بناتے ہیں اور پھر ان کے محلات قبروں کی شکل اختیار کرلیتے ہیں ۔ ان کی جماعت ہلاک ہوجاتی ہے ان کی کوشش بکھرا ہوا غبار بن جاتی ہے اور ان کی دعا تباہ و برباد ہوجاتی ہے۔(احیاء علوم الدین، کتاب ذمّ الدنیا، ۳ / ۲۴۸)