banner image

Home ur Surah Yasin ayat 68 Translation Tafsir

وَ مَنْ نُّعَمِّرْهُ نُنَكِّسْهُ فِی الْخَلْقِؕ-اَفَلَا یَعْقِلُوْنَ(68)

ترجمہ: کنزالایمان اور جسے ہم بڑی عمر کا کریں اسے پیدائش میں الٹا پھیریں تو کیا وہ سمجھتے نہیں ۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور جسے ہم لمبی عمر دیتے ہیں تو خلقت و بناوٹ میں ہم اسے الٹا پھیردیتے ہیں ،تو کیا وہ سمجھتے نہیں ؟

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ مَنْ نُّعَمِّرْهُ: اور جسے ہم لمبی عمر دیتے ہیں ۔} اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اوپر بیان کی گئی سزاؤں  کا واقع ہونا قابلِ تعجب نہیں ، اس کی ایک نظیر پر ہماری قدرت گواہ ہے کہ جسے ہم لمبی عمر دیتے ہیں  تواسے پیدائش میں  الٹا پھیردیتے ہیں کہ وہ بچپن جیسی کمزوری اورناتَوانی کی طرف واپس ہونے لگتا ہے اور دم بدم اس کی طاقتیں ، قوتیں  ،جسم اور عقل کم ہونے لگتے ہیں ، تو کیا اس حالت کو دیکھ کروہ سمجھتے نہیں کہ جو اَحوال کو بدلنے پر ایسا قادر ہو کہ بچپن کی کمزوری، ناتوانی، چھوٹے جسم اور نادانی کے بعد شباب کی قوتیں  ، توانائی ،مضبوط جسم اور دانائی عطا فرماتا ہے،پھر بڑی عمر اور عمر کے آخری حصے میں اسی قوی ہیکل جوان کو دبلا اور حقیر کر دیتا ہے، اب نہ وہ جسم باقی ہے نہ قوتیں، نِشَست بَرخاست میں  مجبوریاں درپیش ہیں،  عقل کام نہیں  کرتی ، بات یاد نہیں  رہتی ، عزیز و اَقارب کو پہچان نہیں  سکتا ، توجس پروردگار نے یہ تبدیلی کی وہ اس پر قادر ہے کہ آنکھیں  دینے کے بعد انہیں  مٹا دے اور اچھی صورتیں  عطا کرنے کے بعد ان کو مَسخ کر دے اور موت دینے کے بعد پھر زندہ کر دے ۔( خازن، یس، تحت الآیۃ: ۶۸، ۴ / ۱۱، مدارک، یس، تحت الآیۃ: ۶۸، ص۹۹۲-۹۹۳، ملتقطاً)