banner image

Home ur Surah Ad Duha ayat 4 Translation Tafsir

اَلْضُّحٰی

Ad Duha

HR Background

وَ لَلْاٰخِرَةُ خَیْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰىﭤ(4)

ترجمہ: کنزالایمان اور بیشک پچھلی تمہارے لیے پہلی سے بہتر ہے۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور بیشک تمہارے لئے ہر پچھلی گھڑی پہلی سے بہتر ہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ لَلْاٰخِرَةُ خَیْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰى: اور بیشک تمہارے لئے ہر پچھلی گھڑی پہلی سے بہتر ہے۔} مفسرین نے اس آیت کا ایک معنی یہ بیان کیا ہے کہ اے حبیب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ، بے شک تمارے لئے آخرت دنیا سے بہتر ہے کیونکہ وہاں  آپ کے لئے مقامِ محمود ، حوضِ کوثر اوروہ بھلائی ہے جس کا وعدہ کیا گیا ہے، آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کا تمام اَنبیاء و رُسُل عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام پرمُقدّم ہونا ، آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی اُمت کا تمام اُمتوں  پر گواہ ہونا، آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی شفاعت سے مومنین کے مرتبے اور درجے بلند ہونا اور بے انتہا عزتیں  اور کرامتیں  ہیں  جو بیان میں  نہیں  آسکتیں ۔

             نیز مفسرین نے اس آیت کے ایک معنی یہ بھی بیان فرمائے ہیں  کہ آنے والے اَحوال آپ کے لئے گزشتہ سے بہتر و برتر ہیں  گویا کہ حق تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ وہ روز بروز آپ کے درجے بلند کرے گا اور عزت پر عزت اور منصب پر منصب زیادہ فرمائے گا اورہر آنے والی گھڑی میں  آپ کے مَراتب ترقیوں  میں رہیں  گے۔( مدارک، الضّحی، تحت الآیۃ: ۴، ص۱۳۵۶، تفسیرکبیر، الضّحی، تحت الآیۃ: ۴، ۱۱ / ۱۹۳، ملتقطاً)