banner image

Home ur Surah Ad Dukhan ayat 28 Translation Tafsir

اَلدُّخَان

Ad Dukhan

HR Background

كَذٰلِكَ- وَ اَوْرَثْنٰهَا قَوْمًا اٰخَرِیْنَ(28)

ترجمہ: کنزالایمان ہم نے یونہی کیا اور ان کا وارث دوسری قوم کو کردیا۔ ترجمہ: کنزالعرفان ہم نے یونہی کیا اور ان چیزوں کا دوسری قوم کو وارث بنادیا۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{كَذٰلِكَ: ہم نے یونہی کیا۔} یعنی ہم نے فرعون اور ا س کی قوم کے ساتھ اسی طرح کیا کہ ان کا تمام مال و متاع سلب کر لیا اور ان چیزوں  کا دوسری قوم یعنی بنی اسرائیل کو وارث بنا دیا جو ان کے ہم مذہب تھے نہ رشتہ دار اور نہ دوست تھے۔( روح البیان، الدخان، تحت الآیۃ: ۲۸، ۸ / ۴۱۲، ملخصاً)

آیت ’’ كَذٰلِكَ- وَ اَوْرَثْنٰهَا‘‘ سے حاصل ہونے والی معلومات:

            اس آیت سے دو باتیں  معلوم ہوئیں ،

(1)… کفارکی بستیوں  اور ان کے مکانات میں  رہنا منع نہیں ، ہاں  جہاں  عذابِ الٰہی آیا ہو وہاں  رہنا منع ہے اور چونکہ فرعون کی قوم پر مصر میں  عذاب نہ آیا بلکہ انہیں  وہاں  سے نکال کر دریا میں  غرق کیا گیا لہٰذا مصر میں  رہنا درست ہوا ۔

(2)… فرعون اور اس کی قوم کی ہلاکت کے بعد مصر میں  خود بنی اسرائیل آباد ہوئے تھے۔اس کی تائید قرآنِ پاک کی ان آیات سے بھی ہوتی ہے،چنانچہ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے اپنی قوم سے فرمایا:

’’ عَسٰى رَبُّكُمْ اَنْ یُّهْلِكَ عَدُوَّكُمْ وَ یَسْتَخْلِفَكُمْ فِی الْاَرْضِ فَیَنْظُرَ كَیْفَ تَعْمَلُوْنَ‘‘(اعراف:۱۲۹)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: عنقریب تمہارا رب تمہارے دشمنوں کو ہلاک کردے گا اور تمہیں  زمین میں  جانشین بنا دے گاپھروہ دیکھے گا کہ تم کیسے کام کرتے ہو۔

             اور اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:

’’وَ اَوْرَثْنَا الْقَوْمَ الَّذِیْنَ كَانُوْا یُسْتَضْعَفُوْنَ مَشَارِقَ الْاَرْضِ وَ مَغَارِبَهَا الَّتِیْ بٰرَكْنَا فِیْهَاؕ-وَ تَمَّتْ كَلِمَتُ رَبِّكَ الْحُسْنٰى عَلٰى بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَ ﳔ بِمَا صَبَرُوْاؕ-وَ دَمَّرْنَا مَا كَانَ یَصْنَعُ فِرْعَوْنُ وَ قَوْمُهٗ وَ مَا كَانُوْا یَعْرِشُوْنَ‘‘(اعراف:۱۳۷)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اس قوم کو جسے دبایا گیا تھا اُس زمین کے مشرقوں  اور مغربوں  کا مالک بنادیا جس میں  ہم  نے برکت رکھی تھی اور بنی اسرائیل پر ان کے صبر کے بدلے میں تیرے رب کا اچھا وعدہ پورا ہوگیااور ہم نے وہ سب تعمیرات برباد کردیں  جو فرعون اور اس کی قوم بناتی تھی اور وہ  عمارتیں جنہیں وہ بلند کرتے تھے۔