banner image

Home ur Surah Al Ahqaf ayat 1 Translation Tafsir

اَلْاَحْقَاف

Al Ahqaf

HR Background

حٰمٓ(1)تَنْزِیْلُ الْكِتٰبِ مِنَ اللّٰهِ الْعَزِیْزِ الْحَكِیْمِ(2)

ترجمہ: کنزالایمان یہ کتاب اُتارنا ہے اللہ عزت و حکمت وا لے کی طرف سے۔ ترجمہ: کنزالعرفان حم۔ کتاب کا نازل فرمانا اللہ کی طرف سے ہے جو عزت والا، حکمت والاہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{حٰمٓ} یہ حروفِ مُقَطَّعات میں  سے ایک حرف ہے،اس کی مراد اللہ تعالیٰ ہی بہتر جانتا ہے۔

{تَنْزِیْلُ الْكِتٰبِ مِنَ اللّٰهِ: کتاب کا نازل فرمانا اللہ کی طرف سے ہے۔} یعنی قرآنِ مجیدکو حضورِ اَقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنی طرف سے نہیں  بنایا اور نہ ہی کسی انسان اور جن سے اسے نقل کیا ہے بلکہ یہ قرآن اس اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کیا گیا ہے جو اپنی سَلْطَنَت میں  عزت اور غلبے والا اور اپنی صَنعَت میں  حکمت والا ہے۔(جلالین مع صاوی، الاحقاف، تحت الآیۃ: ۲، ۵ / ۱۹۳۱)

قرآنِ مجید کی چار خوبیاں :

            اس آیت سے قرآنِ کریم کی چار خوبیاں  معلوم ہوئیں ،

(1)…قرآنِ عظیم کسی انسان یا جن کا کلام نہیں  بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کا کلام ہے۔

(2)…قرآنِ مجید حق اور سچ ہے کیونکہ اسے اللہ تعالیٰ نے نازل فرمایا ہے اور اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:

’’وَ مَنْ اَصْدَقُ مِنَ اللّٰهِ قِیْلًا‘‘(النساء:۱۲۲)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور اللہ سے زیادہ کس کی بات سچی ہے؟

(3)…قرآنِ کریم اپنی عبارت اور معنی دونوں  کے اعتبار سے تمام کتابوں  پر غالب ہے کیونکہ اس کتاب کو نازل فرمانے والے کی شان یہ ہے کہ وہ عزت والا اور غلبے والا ہے اور قرآن کلامِ الٰہی ہے جو کہ اللہ  تعالیٰ کی صفت ہے۔

(4)…قرآنِ حکیم انتہاء کو پہنچی ہوئی حکمت پر مشتمل ہے کیونکہ یہ حکمت والے رب تعالیٰ کی طرف سے نازل ہو اہے ۔