سورۂ
احزاب کے مَضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں مسلمانوں کے لئے شرعی احکام بیان کئے گئے ہیں اور ا س میں یہ چیزیں بیان کی گئی ہیں :
(1)…اس سورت
کی ابتداء میں حضورِ اقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ
وَسَلَّمَ کواللہ تعالیٰ کے خوف رکھنے پر قائم رہنے، کفار و منافقین کی پیروی سے بچنے، الله تعالیٰ کی وحی کی پیروی کرتے رہنے اور الله تعالیٰ پر توکُّل کرتے رہنے کا حکم دیا گیا۔
(2)… یہ بتایا گیا کہ دین و دنیا کے تمام اُمور میں نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا حکم سب مسلمانوں پر نافذ
ہےاور حضورِ اقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی
عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اَزواجِ
مُطَہَّرات تعظیم اور حرمت میں مسلمانوں کی مائیں ہیں اور
جس طرح اپنی ماں سے نکاح حرام ہے اسی طرح
ان سے بھی نکاح کرنا حرام ہے۔
(3)…غزوۂ احزاب کا واقعہ بیان کیا گیا جس میں غزوۂ احزاب کے دن مسلمانوں پر کیاگیا انعام یاد دلایا گیا، منافقوں کا طرزِ عمل بیان کیا گیا اوران کی سازشوں کو ظاہر کیا گیا۔اس کے بعد غزوۂ بنو قریظہ اور
یہودیوں کی عہد شکنی کا ذکر ہے۔
(4)…حضور پُر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی ازواجِ مطہرات کو چند
احکام دئیے گئے ہیں نیز پردے کے متعدد احکام بیان فرمائے گئے۔
(5)… حضرت زینب رَضِیَ الله تَعَالٰی عَنْہَا کے نکاح کا واقعہ بیان کیا گیا ہے۔
(6)… مسلمانوں کو کثرت سے الله تعالیٰ
کا ذکر کرنے حکم دیاگیا ،ان پر الله تعالیٰ کے مہربان ہونے اور ان کے لئے عزت کا ثواب تیار ہونے کی بشارت
دی گئی ہے ۔
(7)…تاجدارِ
رسالت صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے اوصاف بیان کئے گئے اور ان کی تعظیم کے بارے میں
مسلمانوں کو ہدایات دی گئی ہیں ۔
(8)… مزید یہ شرعی احکام بیان کئے گئے ہیں :(1)بیوی کو ماں جیسا کہہ دینے کا حکم۔(2)یہ بتایا گیا کہ رشتہ دار ایک دوسرے کے وارث ہوتے
ہیں کوئی اجنبی دینی برادری کی وجہ سے کسی
کا وارث نہیں ہوتا۔(3)کسی کو منہ بولا بیٹا بنا لینے کاحکم۔(4)نکاح کے بعد بیوی کو ہاتھ لگائے بغیر طلاق دینے کا
حکم۔(5) مسلمان عورتوں کو پردہ کرنے
کا حکم۔