banner image

Home ur Surah Al Araf ayat 206 Translation Tafsir

اَلْاَعْرَاف

Al Araf

HR Background

اِنَّ الَّذِیْنَ عِنْدَ رَبِّكَ لَا یَسْتَكْبِرُوْنَ عَنْ عِبَادَتِهٖ وَ یُسَبِّحُوْنَهٗ وَ لَهٗ یَسْجُدُوْنَ(206)

السجدة (1)

ترجمہ: کنزالایمان بیشک وہ جو تیرے رب کے پاس ہیں اس کی عبادت سے تکبر نہیں کرتے اور اس کی پاکی بولتے اور اسی کو سجدہ کرتے ہیں۔ ترجمہ: کنزالعرفان بیشک وہ جو تیرے رب کے پاس ہیں وہ اس کی عبادت سے تکبر نہیں کرتے اور اس کی پاکی بیان کرتے ہیں اور اسی کو سجدہ کرتے ہیں ۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{اِنَّ الَّذِیْنَ عِنْدَ رَبِّكَ:بیشک وہ جو تیرے رب کے پاس ہیں۔} اس آیت کا معنی یہ ہے کہ جب فرشتے اپنے بے انتہا شرف، پاک اور معصوم ہونے، شہوت اور غضب سے بری ہونے، کینہ اور حسد سے مُنَزّہ ہونے کے باوجود ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہیں اور خشوع و خضوع کے ساتھ سجدہ ریز ہوتے ہیں تو انسان جو کہ جسمانی ظلمتوں، بشری کثافتوں اور شہوت و غضب کی آماجگاہ ہے، وہ اس بات کا زیادہ حق دار ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت زیادہ کرے۔(تفسیر کبیر، الاعراف، تحت الآیۃ: ۲۰۶، ۵ / ۴۴۵)

سجدۂ تلاوت کے چند احکام:

یہ آیت آیاتِ سجدہ میں سب سے پہلی آیت ہے، اس مناسبت سے ہم یہاں سجدۂ تلاوت کے چند احکام بیان کرتے ہیں:

(1)…آیتِ سجدہ پڑھنے یا سننے سے سجدہ واجب ہو جاتا ہے پڑھنے میں یہ شرط ہے کہ اتنی آواز سے ہو کہ اگر کوئی عذرنہ ہو تو خود سن سکے ، سننے والے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ بِالقصد سنی ہو بلکہ بلا قصد سننے سے بھی سجدہ واجب ہو جاتا ہے۔ (ہدایہ، کتاب الصلاۃ، باب سجود التلاوۃ، ۱ / ۷۸، در مختار مع رد المحتار، کتاب الصلاۃ، باب سجود التلاوۃ، ۲ / ۶۹۵-۶۹۶)

(2)…سجدہ واجب ہونے کے لیے ایک قول کے مطابق پوری آیت پڑھنا ضروری ہے اور ایک قول کے مطابق پوری آیت پڑھنا ضروری نہیں بلکہ وہ لفظ جس میں سجدہ کا مادہ پایا جاتا ہے اور اس کے ساتھ پہلے یا بعد کا کوئی لفظ ملا کر پڑھنا کافی ہے۔ (رد المحتار علی الدرالمختار، کتاب الصلاۃ، باب سجود التلاوۃ، ۲ / ۶۹۴، تحت قول الدر: ای اکثرہا۔۔۔ الخ)

(3)…اگر اتنی آواز سے آیت پڑھی کہ سن سکتا تھا مگر شور و غل یا بہرے ہونے کی وجہ سے نہ سنی تو سجدہ واجب ہوگیا اور اگر محض ہونٹ ہلے آواز پیدا نہ ہوئی تو واجب نہ ہوا۔ (عالمگیری، کتاب الصلاۃ، الباب الثالث عشر فی سجود التلاوۃ، ۱ / ۱۳۲ ، ۱۳۳)

(4)…فارسی یا کسی اور زبان میں آیت کا ترجمہ پڑھا تو پڑھنے والے اور سننے والے پر سجدہ واجب ہوگیا۔

سجدۂ تلاوت کی فضیلت:

سجدۂ تلاوت کی فضیلت کے بارے میں حضرت ابوہریرہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضور اقدس صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جب آدمی آیت ِسجدہ پڑھ کر سجدہ کرتا ہے تو شیطان ہٹ جاتا ہے اور رو کر کہتا ہے: ہائے میری بربادی ! ابنِ آدم کو سجدہ کا حکم ہوا تو اس نے سجدہ کیا، اس کے لئے جنت ہے اور مجھے سجدہ کا حکم دیا گیا تو میں نے انکار کیا میرے لیے دوزخ ہے۔‘‘( مسلم، کتاب الایمان، باب بیان اطلاق اسم الکفر علی من ترک الصلاۃ، ص۵۶، الحدیث: ۱۳۳ (۸۱))

سجدۂ تلاوت کا طریقہ:

سجدہ ِ تلاوت کا مَسنون طریقہ یہ ہے کہ کھڑا ہو کر اللہُ اَکْبَرْ کہتا ہوا سجدہ میں جائے اور کم سے کم تین بار سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی کہے، پھر اللہُ اَکْبَرْ کہتاہوا کھڑا ہو جائے، پہلے پیچھے دونوں بار اللہُ اَکْبَرْ کہنا سنت ہے اور کھڑے ہو کر سجدہ میں جانا اور سجدہ کے بعد کھڑا ہونا یہ دونوں قیام مستحب۔(عالمگیری، کتاب الصلاۃ، الباب الثالث عشر فی سجود التلاوۃ، ۱ / ۱۳۵، در مختار مع رد المحتار، کتاب الصلاۃ، باب سجود التلاوۃ، ۲ / ۶۹۹-۷۰۰)

یاد رہے کہ سجدۂ تلاوت کے لیے اَللہُ اَکْبَرْ کہتے وقت نہ ہاتھ اٹھانا ہے اور نہ اس میں تشہد ہے نہ سلام۔(تنویر الابصار، کتاب الصلاۃ، باب سجود التلاوۃ، ۲ / ۷۰۰)

نوٹ :سجدۂ تلاوت کے مزید مسائل جاننے کے لئے بہار شریعت حصہ 4سے’’سجدۂ تلاوت کا بیان‘‘ کا مطالعہ کیجئے۔