Home ≫ ur ≫ Surah Al Buruj ≫ ayat 12 ≫ Translation ≫ Tafsir
اِنَّ بَطْشَ رَبِّكَ لَشَدِیْدٌﭤ(12)
تفسیر: صراط الجنان
{اِنَّ بَطْشَ رَبِّكَ لَشَدِیْدٌ: بے شک تیرے رب کی پکڑ بہت سخت ہے۔} ارشاد فرمایا کہ اے پیارے حبیب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ ، بے شک آپ کا رب عَزَّوَجَلَّ جب ظالموں کو اپنے عذاب میں پکڑتا ہے تو اس کی پکڑ بہت سخت ہوتی ہے اگرچہ یہ پکڑ کچھ عرصہ ظالموں کو مہلت دینے کے بعد ہو کیونکہ انہیں مہلت دینا عاجز ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ حکمت کی وجہ سے ہوتا ہے۔ (روح البیان، البروج، تحت الآیۃ: ۱۲، ۱۰ / ۳۹۱-۳۹۲)
ظالموں کے لئے نصیحت:
اس آیت میں ہر اس شخص کے لئے نصیحت ہے جو لوگوں پر ظلم کرتا ہے کہ اگرچہ ابھی اللّٰہ تعالیٰ نے اس کی پکڑ نہیں فرمائی لیکن جب بھی اللّٰہ تعالیٰ نے اس کے ظلم کی وجہ سے اس کی گرفت فرمائی تو وہ بہت سخت ہو گی اور یہ گرفت دنیا میں بھی ہو سکتی ہے اور آخرت میں بھی۔ جیساکہ
حضرت ابو سعید خدری رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:’’اے لوگو! اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ سے ڈرو،خدا کی قسم! جو مومن دوسرے مومن پر ظلم کرے گا توقیامت کے دن اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اس ظالم سے انتقام لے گا۔( کنز العمال ، کتاب الاخلاق ، قسم الاقوال ، الباب الثانی فی الاخلاق و الافعال المذمومۃ ، الفصل الثانی ، ۲ / ۲۰۲، الجزء الثالث، الحدیث: ۷۶۲۱)
اور حضرت انس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت، رسولِ اکرم ،نُورِ مُجَسَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:’’جس نے کسی ظالم کی اس کے ظلم پر مدد کی وہ قیامت کے دن اس حال میں آئے گا کہ اس کی پیشانی پر لکھا ہو گا یہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی رحمت سے مایوس ہے۔ (مسند الفردوس، باب المیم، ۳ / ۵۸۳، الحدیث: ۵۸۲۳)
اور حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے روایت ہے، سرورِ کائنات صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:’’مظلوم کی بد دعا سے بچو کیونکہ وہ اللّٰہ تعالیٰ سے اپنا حق مانگتا ہے اور اللّٰہ تعالیٰ کسی حقدار کو اس کے حق سے منع نہیں کرتا۔( کنز العمال ، کتاب الاخلاق ، قسم الاقوال ، الباب الثانی فی الاخلاق و الافعال المذمومۃ ، الفصل الثانی ، ۲ / ۲۰۰، الجزء الثالث، الحدیث: ۷۵۹۴)
اللّٰہ تعالیٰ ظالموں کو اپنے ظلم سے باز آنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں ظالموں کے ظلم اور شریروں کے شر سے محفوظ فرمائے،اٰمین۔