banner image

Home ur Surah Al Jasia ayat 8 Translation Tafsir

اَلْجَاثِيَة

Surah Al Jasia

HR Background

وَیْلٌ لِّكُلِّ اَفَّاكٍ اَثِیْمٍ(7)یَّسْمَعُ اٰیٰتِ اللّٰهِ تُتْلٰى عَلَیْهِ ثُمَّ یُصِرُّ مُسْتَكْبِرًا كَاَنْ لَّمْ یَسْمَعْهَاۚ-فَبَشِّرْهُ بِعَذَابٍ اَلِیْمٍ(8)

ترجمہ: کنزالایمان خرابی ہے ہر بڑے بہتان ہائے گنہگار کے لیے۔ اللہ کی آیتوں کو سنتا ہے کہ اس پر پڑھی جاتی ہیں پھر ہَٹ پر جمتا ہے غرور کرتا گویا انھیں سُنا ہی نہیں تو اُسے خوش خبری سناؤ درد ناک عذاب کی۔ ترجمہ: کنزالعرفان ہر بڑے بہتان باندھنے والے، گناہگار کے لئے خرابی ہے۔ ۔ (جو)اللہ کی آیتوں کو سنتا ہے کہ اس کے سامنے پڑھی جاتی ہیں پھرتکبر کرتے ہوئے ضد پر ڈٹ جاتا ہے گویااس نے ان آیتوں کو سنا ہی نہیں تو ایسے کو درد ناک عذاب کی خوشخبری سناؤ۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَیْلٌ: خرابی ہے۔} اس سے پہلی آیت میں  بیان فرمایاگیا کہ کافر اللہ تعالیٰ اور اس کی آیتوں  کو چھوڑ کر کو ن سی بات پر ایمان لائیں  گے ، اور جب وہ ایمان نہ لائے تو اس آیت سے ان کے لئے بہت بڑی وعید بیان کی جا رہی ہے،چنانچہ اس آیت اور ا س کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ ہر بڑے بہتان باندھنے والے، گناہگار کے لئے خرابی ہے اور یہ وہ شخص ہے جس کے سامنے قرآن کی آیتیں  پڑھی جاتی ہیں  تو وہ انہیں  سن کر ایمان لانے سے تکبر کرتے ہوئے اپنے کفر پراصرار کرتا ہے اور وہ ایسا بن جاتا ہے گویااس نے ان آیتوں  کو سنا ہی نہیں  ،تو اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، ایسے شخص کو قیامت کے دن جہنم کے درد ناک عذاب کی خوشخبری سنادو۔

            مفسّرین نے اس آیتِ مبارکہ کا شان نزول یہ بھی بیان کیاہے کہ نَضْر بن حارِث عجمی لوگوں  (جیسے رستم اور اسفندیار) کے قصے کہانیاں  سنا کر لوگوں  کو قرآنِ پاک سننے سے روکتا تھا ،اس کے بارے میں  یہ آیت نازل ہوئی ۔

            یاد رہے کہ اس آیت کا نزول اگرچہ نَضْر بن حارِث کے لئے ہے لیکن اس وعید میں  ہر وہ شخص داخل ہے جو دین کو نقصان پہنچائے اور ایمان لانے اور قرآن سننے سے تکبر کرے۔( تفسیرطبری، الجاثیۃ، تحت الآیۃ: ۷-۸، ۱۱ / ۲۵۴، مدارک، الجاثیۃ، تحت الآیۃ: ۷-۸، ص۱۱۱۷، ملتقطاً)