Home ≫ ur ≫ Surah Al Mutaffifin ≫ ayat 18 ≫ Translation ≫ Tafsir
كَلَّاۤ اِنَّ كِتٰبَ الْاَبْرَارِ لَفِیْ عِلِّیِّیْنَﭤ(18)وَ مَاۤ اَدْرٰىكَ مَا عِلِّیُّوْنَﭤ(19)كِتٰبٌ مَّرْقُوْمٌ(20)یَّشْهَدُهُ الْمُقَرَّبُوْنَﭤ(21)
تفسیر: صراط الجنان
{كَلَّا: یقینا ۔} اس سے پہلی آیات میں کفار کے اعمال ناموں کی جگہ بیان کی گئی اوراب یہاں سے اہلِ ایمان کے اعمال ناموں کی جگہ بیان کی جا رہی ہے ،چنانچہ اس آیت اور اس کے بعد والی تین آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ بیشک یقینا وہ کتاب جس میں سچے دل سے ایمان لانے والے نیک لوگوں کے اعمال لکھے ہیں ساتویں آسمان میں عرش کے نیچے سب سے اونچے مقام عِلِّیِّین میں ہے اور تجھے کیا معلوم کہ عِلِّیِّین کی شان کتنی عجیب ہے ا ور وہ کیسی عظمت والی ہے اور وہ اعمال نامے عِلِّیِّین میں مُہرلگائی ہوئی ایک کتاب ہے جس میں ان نیک لوگوں کے اعمال لکھے ہیں اور جب وہ کتاب علیین تک پہنچتی ہے تواللّٰہ تعالیٰ کے مُقَرّب فرشتے اس کی زیارت کرتے ہیں ۔( خازن، المطفّفین، تحت الآیۃ: ۱۸-۲۱،۴ / ۳۶۱، جلالین، المطفّفین، تحت الآیۃ: ۱۸-۲۱، ص۴۹۳، ملتقطاً)