banner image

Home ur Surah Al Waqiah ayat 95 Translation Tafsir

اَلْوَاقِعَة

Al Waqiah

HR Background

اِنَّ هٰذَا لَهُوَ حَقُّ الْیَقِیْنِ(95)فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِیْمِ(96)

ترجمہ: کنزالایمان یہ بیشک اعلیٰ درجہ کی یقینی بات ہے ۔ تو اے محبوب تم اپنے عظمت والے رب کے نام کی پاکی بولو ۔ ترجمہ: کنزالعرفان یہ بیشک اعلیٰ درجہ کی یقینی بات ہے۔ تو اے محبوب! تم اپنے عظمت والے رب کے نام کی پاکی بیان کرو۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{ اِنَّ هٰذَا: یہ بیشک۔ } یعنی مرنے والوں  کے اَحوال اور جو مَضامین اس سورت میں  بیان کئے گئے، اللہ تعالیٰ کے اولیاء کے لئے تیار کی گئی جن نعمتوں  اور اللہ تعالیٰ کے دشمنوں  کے لئے تیار کئے گئے جن عذابات کا ذکر ہوا اور اللہ تعالیٰ کی وحدانیّت کے جو دلائل بیان ہوئے ،یہ بے شک اعلیٰ درجے کی یقینی بات ہے اور ا س میں  تَرَدُّد کی کوئی گنجائش نہیں۔(خازن، الواقعۃ، تحت الآیۃ: ۹۵، ۴ / ۲۲۵)

{ فَسَبِّحْ: تو اے محبوب! تم پاکی بیان کرو۔ } حضرت عقبہ بن عامر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ  فرماتے ہیں  ’’جب یہ آیت ’’ فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِیْمِ‘‘نازل ہوئی توسرکارِ دو عالَم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا:’’ اسے اپنے رکوع میں  داخل کرلو اور جب یہ آیت ’’سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلٰی‘‘نازل ہوئی تو فرمایا اسے اپنے سجدوں میں  داخل کرلو۔( ابوداؤد، کتاب الصلاۃ، باب مایقول الرجل فی رکوعہ وسجودہ، ۱ / ۳۳۰، الحدیث: ۸۶۹)

            اس آیت سے ثابت ہوا کہ رکوع و سجود کی تسبیحات قرآنِ کریم سے ماخوذ ہیں ۔