banner image

Home ur Surah An Nahl ayat 12 Translation Tafsir

اَلنَّحْل

An Nahl

HR Background

وَ سَخَّرَ لَكُمُ الَّیْلَ وَ النَّهَارَۙ-وَ الشَّمْسَ وَ الْقَمَرَؕ-وَ النُّجُوْمُ مُسَخَّرٰتٌۢ بِاَمْرِهٖؕ-اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَاٰیٰتٍ لِّقَوْمٍ یَّعْقِلُوْنَ(12)

ترجمہ: کنزالایمان اور اس نے تمہارے لیے مسخر کیے رات اور دن اور سورج اور چاند اور ستارے اس کے حکم کے باندھے ہیں بیشک اس میں نشانیاں ہیں عقل مندوں کو۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور اس نے تمہارے لیے رات اور دن اور سورج اور چاند کو کام میں لگا دیا اور ستارے (بھی) اسی کے حکم کے پابند ہیں ۔ بیشک اس میں عقل مندوں کیلئے نشانیاں ہیں ۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ سَخَّرَ لَكُمُ الَّیْلَ وَ النَّهَارَ:اور اس نے تمہارے لیے رات اور دن کو کام پر لگا دیا۔} اس سے پہلی آیت میں  اللّٰہ تعالیٰ نے ان نعمتوں  کا ذکر فرمایا جو عالَم سُفْلِی یعنی زمین اور اس پر موجود تمام چیزوں  میں  ہیں  اور اس آیت میں  ان نعمتوں  کو بیان فرمایا جو عالَم عُلوی یعنی بادلوں ، آسمانوں  اور ان میں  موجود تمام چیزوں  میں  ہیں  اور یہ سب نعمتیں کائنات کے نظام کی تکمیل اور عالَم کے نفع کے لئے ہیں۔ (صاوی، النحل، تحت الآیۃ: ۱۲، ۳ / ۱۰۵۹، ملخصاً)

نوٹ:دن رات، سورج چاند اور ستاروں  کی تسخیر کی تفسیر سورۂ ابراہیم کی آیت نمبر33میں  گزر چکی ہے۔

{اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَاٰیٰتٍ لِّقَوْمٍ یَّعْقِلُوْنَ:بیشک اس میں  عقل مندوں  کیلئے نشانیاں  ہیں۔} یعنی جو لوگ صحیح اور سلیم عقل رکھتے ہیں  وہ ان چیزوں  میں  غور کر کے سمجھ جائیں  گے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہی اپنے اختیار سے ہر کام کرنے والا ہے اور تمام مخلوق اسی کی قدرت کے تحت ہے۔ (خازن، النحل، تحت الآیۃ: ۱۲، ۳ / ۱۱۶)

آیت’’وَ سَخَّرَ لَكُمُ الَّیْلَ وَ النَّهَارَ‘‘سے حاصل ہونے والی معلومات:

            اس آیت سے درج ذیل تین چیزیں  بھی معلوم ہوئیں  ،

(1)… ہر ذرہ معرفتِ الہٰی کا دفتر ہے، لیکن اس کیلئے صحیح عقل کی ضرورت ہے۔

(2)… اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک وہی عقل اچھی ہے جو اللّٰہ تعالیٰ کو پہچانے جبکہ جو عقل اس کی معرفت تک نہ پہنچائے وہ بے عقلی ہے۔

(3)… علمِ طب، ریاضی و فلکیات وغیرہ بہت عمدہ و اعلیٰ علوم ہیں  کہ ان سے اللّٰہ تعالیٰ کی معرفت میں  مدد ملتی ہے۔