banner image

Home ur Surah An Nahl ayat 93 Translation Tafsir

اَلنَّحْل

An Nahl

HR Background

وَ لَوْ شَآءَ اللّٰهُ لَجَعَلَكُمْ اُمَّةً وَّاحِدَةً وَّ لٰـكِنْ یُّضِلُّ مَنْ یَّشَآءُ وَ یَهْدِیْ مَنْ یَّشَآءُؕ-وَ لَتُسْــٴَـلُنَّ عَمَّا كُنْتُمْ تَعْمَلُوْنَ(93)

ترجمہ: کنزالایمان اور اللہ چاہتا تو تم کو ایک ہی امت کرتا لیکن اللہ گمراہ کرتا ہے جسے چاہے اور راہ دیتا ہے جسے چاہے اور ضرور تم سے تمہارے کام پوچھے جائیں گے ۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور اگراللہ چاہتا تو سب کو ایک ہی امت بنادیتا لیکن اللہ گمراہ کرتا ہے جسے چاہتا ہے اور ہدایت دیتا ہے جسے چاہتا ہے اور تم سے تمہارے اعمال کے بارے میں ضرور پوچھا جائے گا۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ لَوْ شَآءَ اللّٰهُ لَجَعَلَكُمْ اُمَّةً وَّاحِدَةً:اور اگر اللّٰہ چاہتا تو سب کو ایک ہی امت بنادیتا ۔} فرمایا گیا کہ اگر اللّٰہ تعالیٰ چاہتا تو تم سب ایک ہی دین پر ہوتے لیکن اللّٰہ تعالیٰ کی اپنی مَشِیَّت اور حکمت ہے جس کے مطابق وہ فیصلے فرماتا ہے تو وہ اپنے عدل سے جسے چاہتا ہے گمراہ کرتا ہے اور اپنے فضل سے جسے چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے، اس میں  کسی دوسرے کو دخل کی ہمت ہے نہ اجازت، البتہ یہ یاد رہے کہ لوگ اس مشیت کو سامنے رکھ کر گناہوں  پر جَری نہ ہوجائیں  کیونکہ قیامت کے دن لوگوں  سے ان کے اعمال کے بارے میں  ضرور پوچھا جائے گا لہٰذا مشیت کا معاملہ جدا ہے اور حکمِ الٰہی کا جدا۔