banner image

Home ur Surah As Sajdah ayat 5 Translation Tafsir

اَلسَّجْدَة

Surah As Sajdah

HR Background

یُدَبِّرُ الْاَمْرَ مِنَ السَّمَآءِ اِلَى الْاَرْضِ ثُمَّ یَعْرُجُ اِلَیْهِ فِیْ یَوْمٍ كَانَ مِقْدَارُهٗۤ اَلْفَ سَنَةٍ مِّمَّا تَعُدُّوْنَ(5)

ترجمہ: کنزالایمان کام کی تدبیر فرماتا ہے آسمان سے زمین تک پھر اسی کی طرف رجوع کرے گا اس دن کہ جس کی مقدار ہزار برس ہے تمہاری گنتی میں ۔ ترجمہ: کنزالعرفان وہ آسمان سے زمین تک (ہر) کام کی تدبیر فرماتا ہے پھر (ہر کام) اُس دن میں اسی کی طرف رجوع کرے گا جس کی مقدارتمہاری گنتی سے ہزارسال ہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{یُدَبِّرُ الْاَمْرَ مِنَ السَّمَآءِ اِلَى الْاَرْضِ: وہ آسمان سے زمین تک (ہر) کام کی تدبیر فرماتا ہے۔} یعنی اللہ تعالیٰ قیامت تک ہونے والے دنیا کے تمام کاموں  کی اپنے حکم ، اَمر اور اپنے قضا و قدر سے تدبیر فرماتا ہے ۔ پھر دنیا کے فنا ہو جانے کے بعد اس دن اَمر و تدبیر یعنی بندوں  کو حاصل ظاہری تَصَرُّف بھی اللہ تعالیٰ کے پاس منتقل ہو جائے گا جس کی مقدار دنیا کے اَیّام کے حساب سے ہزارسال ہے اور وہ دن روز ِقیامت ہے۔(خازن، السجدۃ، تحت الآیۃ: ۵، ۳ / ۴۷۵، صاوی، السجدۃ، تحت الآیۃ: ۵، ۵ / ۱۶۱۲، ملتقطاً)

 قیامت کے دن کی درازی:

             یاد رہے کہ قیامت کے دن کی درازی بعض کافروں  کے لئے ہزار برس کے برابر ہوگی اور بعض کے لئے پچاس ہزار برس کے برابر، جیسا کہ سورۂ معارج میں  ہے:

’’تَعْرُجُ الْمَلٰٓىٕكَةُ وَ الرُّوْحُ اِلَیْهِ فِیْ یَوْمٍ كَانَ مِقْدَارُهٗ خَمْسِیْنَ اَلْفَ سَنَةٍ‘‘(معارج:۴)

ترجمہ ٔکنزُالعِرفان: فرشتے اور جبرائیل اس کی بارگاہ کی طرف چڑھتے ہیں ،وہ عذاب اس دن ہوگا جس کی مقدار پچاس ہزار سال ہے۔

            اور مومن پر یہ دن ایک فرض نماز کے وقت سے بھی ہلکا ہوگا جو دنیا میں  پڑھتا تھا، جیسا کہ حضرت ابو سعید خدری رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، حضورِ اقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’اس ذات کی قسم جس کے قبضہ ٔقدرت میں  میری جان ہے!قیامت کا دن مومن پر ہلکا ہو گا حتّٰی کہ ا س فرض نماز سے بھی زیادہ ہلکا ہو گا جو مومن دنیا میں  پڑھا کرتا تھا۔(مسند امام احمد، مسند ابی سعید الخدری رضی اللّٰہ عنہ، ۴ / ۱۵۱، الحدیث: ۱۱۷۱۷)