banner image

Home ur Surah Ash Shams ayat 7 Translation Tafsir

اَلشَّمْس

Ash Shams

HR Background

وَ نَفْسٍ وَّ مَا سَوّٰىهَا(7)فَاَلْهَمَهَا فُجُوْرَهَا وَ تَقْوٰىهَا(8)

ترجمہ: کنزالایمان اور جان کی اور اس کی جس نے اسے ٹھیک بنایا۔ پھر اس کی بدکاری اور اس کی پرہیزگاری دل میں ڈالی۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور جان کی اور اس کی جس نے اسے ٹھیک بنایا۔ پھر اس کی نافرمانی اور اس کی پرہیزگاری کی سمجھ اس کے دل میں ڈالی۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ نَفْسٍ وَّ مَا سَوّٰىهَا: اور جان کی اور اس کی جس نے اسے ٹھیک بنایا۔} اس آیت اور اس کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ جان کی اور اس کی قسم جس نے اسے ٹھیک بنایا اور اسے کثیرقوتیں  عطا فرمائیں  جیسے بولنے کی قوت،سننے کی قوت، دیکھنے کی قوت اور فکر، خیال ،علم ،فہم سب کچھ عطا فرمایا پھر اس کی نافرمانی اور اس کی پرہیزگاری کی سمجھ اس کے دل میں  ڈالی اور اچھائی برائی،نیکی اور گناہ سے اسے باخبر کردیا اور نیک و بد کے بارے میں  بتادیا۔( خازن، الشّمس، تحت الآیۃ: ۷-۸، ۴ / ۳۸۲)

نبی اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی ایک دعا:

            حضرت عبداللّٰہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے مروی ہے کہ جب رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ (تلاوت کرتے ہوئے) ان آیات ’’وَ نَفْسٍ وَّ مَا سَوّٰىهَاﭪ(۷) فَاَلْهَمَهَا فُجُوْرَهَا وَ تَقْوٰىهَا‘‘ پر پہنچتے تو رک جاتے، پھر فرماتے ’’اَللّٰہُمَّ آتِ نَفْسِیْ تَقْوَاہَا وَزَکِّہَا اَنْتَ خَیْرٌ مَّنْ زَکَّاہَا اَنْتَ وَلِیُّہَا وَمَوْلَاہَا‘‘ یعنی اے اللّٰہ ! میرے نفس کو تقویٰ عطا فرما،اس کو پاکیزہ کر،تو سب سے بہتر پاک کرنے والا ہے ،تو ہی اس کا ولی اور مولیٰ ہے۔( معجم الکبیر،عمرو بن دینار عن ابن عباس،۱۱ / ۸۷،الحدیث:۱۱۱۹۱،روح البیان،الشّمس،تحت الآیۃ:۸،۱۰ / ۴۴۳)