Home ≫ ur ≫ Surah At Taghabun ≫ ayat 16 ≫ Translation ≫ Tafsir
فَاتَّقُوا اللّٰهَ مَا اسْتَطَعْتُمْ وَ اسْمَعُوْا وَ اَطِیْعُوْا وَ اَنْفِقُوْا خَیْرًا لِّاَنْفُسِكُمْؕ-وَ مَنْ یُّوْقَ شُحَّ نَفْسِهٖ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ(16)
تفسیر: صراط الجنان
{فَاتَّقُوا اللّٰهَ مَا اسْتَطَعْتُمْ: تو اللّٰہ سے ڈرو جہاں تک تم سے ہوسکے۔} یعنی جب تم نے اس نصیحت کو سن لیا اور ثواب کے بارے میں جان لیا تو تم اپنی طاقت اور وسعت کے مطابق اللّٰہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو ، اللّٰہ تعالیٰ اور اس کے رسول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ تمہیں جو بات ارشاد فرمائیں اسے سنو اور ان کا حکم مانو اور اپنے فائدے کیلئے اللّٰہ تعالیٰ کی راہ میں مال خرچ کرو اور جو اپنے نفس کے لالچی پن سے بچالیا گیا اور اس نے اپنے مال کو اطمینان کے ساتھ حکمِ شریعت کے مطابق خرچ کیا تو وہی لوگ فلاح پانے والے ہیں ۔( روح البیان، التغابن، تحت الآیۃ: ۱۶، ۱۰ / ۱۹، خازن، التغابن، تحت الآیۃ: ۱۶، ۴ / ۲۷۷، خزائن العرفان، التغابن، تحت الآیۃ: ۱۶، ص۱۰۳۱، ملتقطاً)
اس آیت سے معلوم ہوا کہ ہر شخص پر اپنی طاقت کے مطابق تقویٰ اورپرہیز گاری لازم ہے اور یہ اپنی طاقت کے مطابق تقویٰ ہی اس آیت میں مراد ہے جس میں ارشاد فرمایا گیا کہ
’’اِتَّقُوا اللّٰهَ حَقَّ تُقٰتِهٖ‘‘( اٰل عمران:۱۰۲)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اللّٰہ سے ڈرو جیسا اس سے ڈرنے کا حق ہے۔