banner image

Home ur Surah At Talaq ayat 6 Translation Tafsir

اَلطَّلَاق

At Talaq

HR Background

اَسْكِنُوْهُنَّ مِنْ حَیْثُ سَكَنْتُمْ مِّنْ وُّجْدِكُمْ وَ لَا تُضَآرُّوْهُنَّ لِتُضَیِّقُوْا عَلَیْهِنَّؕ-وَ اِنْ كُنَّ اُولَاتِ حَمْلٍ فَاَنْفِقُوْا عَلَیْهِنَّ حَتّٰى یَضَعْنَ حَمْلَهُنَّۚ-فَاِنْ اَرْضَعْنَ لَكُمْ فَاٰتُوْهُنَّ اُجُوْرَهُنَّۚ-وَ اْتَمِرُوْا بَیْنَكُمْ بِمَعْرُوْفٍۚ-وَ اِنْ تَعَاسَرْتُمْ فَسَتُرْضِعُ لَهٗۤ اُخْرٰىﭤ(6)لِیُنْفِقْ ذُوْ سَعَةٍ مِّنْ سَعَتِهٖؕ-وَ مَنْ قُدِرَ عَلَیْهِ رِزْقُهٗ فَلْیُنْفِقْ مِمَّاۤ اٰتٰىهُ اللّٰهُؕ-لَا یُكَلِّفُ اللّٰهُ نَفْسًا اِلَّا مَاۤ اٰتٰىهَاؕ-سَیَجْعَلُ اللّٰهُ بَعْدَ عُسْرٍ یُّسْرًا(7)

ترجمہ: کنزالایمان عورتوں کو وہاں رکھو جہاں خود رہتے ہو اپنی طاقت بھر اور انھیں ضرر نہ دو کہ ان پر تنگی کرو اور اگر حمل والیاں ہوں تو انہیں نان نفقہ دو یہاں تک کہ اُن کے بچہ پیدا ہو پھر اگر وہ تمہارے لیے بچہ کو دودھ پلائیں تو اُنھیں اس کی اجرت دو اور آپس میں معقول طور پر مشورہ کرو پھر اگر باہم مضائقہ کرو تو قریب ہے کہ اُسے اَور دودھ پلانے والی مِل جائے گی۔ مقدور والا اپنے مقدور کے قابل نفقہ دے اور جس پر اس کا رزق تنگ کیا گیا وہ اس میں سے نفقہ دے جو اسے اللہ نے دیا اللہ کسی جان پر بوجھ نہیں رکھتا مگر اُسی قابل جتنا اُسے دیا ہے قریب ہے کہ اللہ دشواری کے بعد آسانی فرمادے گا۔ ترجمہ: کنزالعرفان عورتوں کو وہاں رکھو جہاں خود رہتے ہو اپنی گنجائش کے مطابق اور انہیں تکلیف نہ دو کہ ان پر تنگی کرو اور اگروہ حمل والیاں ہوں تو ان پر خرچ کرتے رہو یہاں تک کہ وہ بچہ جَن دیں پھر اگر وہ تمہارے لیے (بچے کو) دودھ پلائیں تو انہیں ان کی اجرت دو اور آپس میں اچھے طریقے سے مشورہ کرلو اور اگر تم آپس میں دشواری سمجھو تو عنقریب اسے کوئی دوسری عورت دودھ پلادے گی۔ مالی وسعت رکھنے والے کو چاہئے کہ اپنی گنجائش کے مطابق خرچ کرے اور جس پر اس کا رزق تنگ کیا گیا ہے تو اسے چاہئے کہ اس میں سے خرچہ دے جو اسے اللہ نے دیاہے ،اللہ کسی جان پر بوجھ نہیں رکھتا مگر اسی قابل جتنا اسے دیا ہے، جلد ہی اللہ دشواری کے بعد آسانی فرمادے گا۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{اَسْكِنُوْهُنَّ مِنْ حَیْثُ سَكَنْتُمْ مِّنْ وُّجْدِكُمْ: عورتوں  کو وہاں  رکھو جہاں  خود رہتے ہو اپنی گنجائش کے مطابق۔} اس آیت میں عدت کے دوران عورت کی رہائش،اس کے اخراجات اور اگراس کے ہاں  بچہ پیدا ہو جائے تو اسے دودھ پلانے سے متعلق شرعی احکام بیان کئے جا رہے ہیں ،چنانچہ آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ جن عورتوں  کو تم نے طلاق دی انہیں  وہاں  رکھو جہاں  خود رہتے ہو، اپنی طاقت کے مطابق انہیں  رہائش دو اور انہیں  یوں  تکلیف نہ دو کہ ان کے مکان کو گھیر کر ان کی جگہ تنگ کر دو، یا کسی نا موافق کو ان کے ساتھ رہائش دے دو نیز تم انہیں کوئی ایسی ایذا دے کر تنگی نہ پہنچاؤ کہ وہ گھر سے نکلنے پر مجبور ہوجائیں  اور اگر طلاق والی عورتیں  حمل والیاں  ہوں  تو ان پر شریعت کے مطابق خرچ کرتے رہو یہاں  تک کہ وہ بچہ پیدا کر دیں  کیونکہ اُن کی عدت بچہ پیداہونے پر ہی پوری ہوگی، پھر اگر وہ تمہارے لیے بچے کو دودھ پلائیں  تو انہیں  ان کے کام کی اجرت دو اور اجرت سے متعلق آپس میں  اچھے طریقے سے مشورہ کرلو اور یہ خیال رکھو کہ نہ مرد عورت کے حق میں  کوتاہی کرے، نہ عورت اِس معاملہ میں  سختی کرے، پھر اگر تم آپس میں  یہ معاملہ طے کرنے میں  دشواری سمجھو اوربچے کی ماں کسی دوسری عورت کے برابر اُجرت پر راضی نہ ہوبلکہ زیادہ اجرت کا مطالبہ کرے اور باپ زیادہ دینا نہ چاہے تو قریب ہے کہ اسے کوئی اورعورت دودھ پلادے گی یعنی پھر شوہر کسی دوسری کا انتظام کرلے۔(مدارک، الطلاق، تحت الآیۃ: ۶، ص۱۲۵۳، خازن، الطلاق، تحت الآیۃ: ۶، ۴ / ۲۸۰، ملتقطاً)

طلاق یافتہ عورت کو عدت کے دوران رہائش اور نفقہ دینے سے متعلق دو شرعی مسائل:

            یہاں  آیت کی مناسبت سے طلاق یافتہ عورت کو عدت کے دوران رہائش اور نفقہ دینے سے متعلق دو شرعی مسائل ملاحظہ ہوں ،

(1) … طلاق دی ہوئی عورت کو عدت پوری ہونے تک رہنے کیلئے اپنی حیثیت کے مطابق مکان دینا شوہر پر واجب ہے اور عدت کے زمانہ میں  نفقہ یعنی اخراجات دینا بھی واجب ہے۔

(2)… نفقہ جیسے حاملہ عورت کو دینا واجب ہے ایسے ہی غیر حاملہ کو بھی دینا واجب ہے خواہ اسے طلاق رجعی دی ہو یا بائن۔

بچے کو دودھ پلانے سے متعلق شرعی مسائل:

             آیت کی مناسبت سے بچے کو دودھ پلانے سے متعلق چارشرعی احکام ملاحظہ ہوں ،

(1)… بچے کو دودھ پلانا ماں  پر واجب نہیں ، باپ کی ذمہ داری ہے کہ اجرت دے کر دود ھ پلوائے لیکن اگر بچہ ماں  کے سوا کسی اور عورت کا دود ھ نہ پئے، یا باپ فقیر ہو تواس حالت میں  ماں  پر دود ھ پلانا واجب ہوجاتا ہے، بچے کی ماں  جب تک اس کے باپ کے نکاح میں  ہو یا طلاقِ رجعی کی عدت میں  ہو تو ایسی حالت میں  اسے دود ھ پلانے کی اجرت لینا جائز نہیں ، عدت کے بعد لینا جائز ہے ۔

(2)… کسی عورت کو مُعَیَّن اجرت پر دود ھ پلانے کیلئے مقرر کرنا جائز ہے۔

(3)… اجرت پر دود ھ پلانے کیلئے غیر عورت کی بہ نسبت ماں  زیادہ مستحق ہے۔

(4)… اگر ماں  زیادہ اُجرت طلب کرے تو پھر غیر عورت کو مقرر کرنے میں  اصلاً کوئی حرج نہیں  ۔

{لِیُنْفِقْ ذُوْ سَعَةٍ مِّنْ سَعَتِهٖ: مالی وسعت رکھنے والے کو چاہئے کہ اپنی گنجائش کے مطابق خرچ کرے۔} یعنی مالی وسعت رکھنے والا اپنی گنجائش کے مطابق اور تنگدستی میں  مبتلا شخص اپنی حیثیت کے مطابق طلاق والی اور دود ھ پلانے والی عورتوں  کو خرچہ دے کیونکہ اللّٰہ تعالیٰ ہرجان پر اسی قابل بوجھ رکھتا ہے جتنا اسے رزق دیا ہے اور تنگدست آدمی خرچ کرنے سے ڈرے نہیں ، جلد ہی اللّٰہ تعالیٰ معاش کی تنگی کے بعد اسے آسانی عطافرمادے گا۔