banner image

Home ur Surah At Tin ayat 4 Translation Tafsir

اَلتِّیْن

At Tin

HR Background

لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْۤ اَحْسَنِ تَقْوِیْمٍ(4)

ترجمہ: کنزالایمان بیشک ہم نے آدمی کو اچھی صورت پر بنایا ۔ ترجمہ: کنزالعرفان بیشک یقیناہم نے آدمی کو سب سے اچھی صورت میں پیدا کیا ۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{ لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْۤ اَحْسَنِ تَقْوِیْمٍ: بیشک یقینا ہم نے آدمی کو سب سے اچھی صورت میں  پیدا کیا۔ } اللّٰہ تعالیٰ نے انجیر،زیتون،طور سینا اور شہر مکہ کی قسم ذکر کر کے ارشاد فرمایا کہ بیشک ہم نے آدمی کو سب سے اچھی شکل وصورت میں  پیدا کیا ،اس کے اَعضاء میں  مناسبت رکھی،اسے جانوروں  کی طرح جھکا ہوا نہیں  بلکہ سیدھی قامت والا بنایا، ،اسے جانوروں  کی طرح منہ سے پکڑ کر نہیں  بلکہ اپنے ہاتھ سے پکڑ کر کھانے والا بنایا اوراسے علم، فہم، عقل، تمیز اور باتیں کرنے کی صلاحیت سے مُزَیّن کیا۔( خازن، والتین، تحت الآیۃ: ۴، ۴ / ۳۹۱، مدارک، التین، تحت الآیۃ: ۴، ص۱۳۶۰، ملتقطاً)

اللّٰہ تعالیٰ کی معرفت حاصل کرنے کا ذریعہ:

             اگر انسان اللّٰہ تعالیٰ کی دیگر مخلوقات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی تخلیق میں  غور کرے تو اس پر روزِ روشن کی طرح واضح ہو جائے گا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اسے حسن ِصوری اور حسن ِمعنوی کی کیسی کیسی عظیم نعمتیں  عطا کی ہیں  اور ا س چیز میں  جتنا زیادہ غور کیا جائے اتنا ہی زیادہ اللّٰہ تعالیٰ کی عظمت اور قدرت کی معرفت حاصل ہوتی جائے گی اور اس عظیم نعمت کو بہت اچھی طرح سمجھ جائے گا۔