banner image

Home ur Surah Az Zumar ayat 54 Translation Tafsir

اَلزُّمَر

Az Zumar

HR Background

وَ اَنِیْبُوْۤا اِلٰى رَبِّكُمْ وَ اَسْلِمُوْا لَهٗ مِنْ قَبْلِ اَنْ یَّاْتِیَكُمُ الْعَذَابُ ثُمَّ لَا تُنْصَرُوْنَ(54)

ترجمہ: کنزالایمان اور اپنے رب کی طرف رجوع لاؤ اور اس کے حضور گردن رکھو قبل اس کے کہ تم پر عذاب آئے پھر تمہاری مدد نہ ہو۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور اپنے رب کی طرف رجوع کرواور اس وقت سے پہلے اس کے حضور گردن رکھو کہ تم پر عذاب آئے پھر تمہاری مدد نہ کی جائے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ اَنِیْبُوْۤا اِلٰى رَبِّكُمْ: اور اپنے رب کی طرف رجوع کرو۔} اس سے پہلی آیت میں  بیان فرمایاگیا کہ جو کفر و شرک اور گناہوں  سے سچی توبہ کر لے اسے بخش دیا جائے گااور اس آیت میں  اللہ تعالیٰ نے بندوں  کو جلد توبہ کرنے کاحکم دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ اے میرے بندو! کفر و شرک اورگناہوں  سے سچی توبہ کر کے اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی طرف رجوع کرو اور اس وقت سے پہلے اخلاص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کرو کہ تم پر دنیا میں  عذاب آجائے ،اگر تم نے توبہ نہ کی تو عذاب سے چھٹکارا پانے میں  تمہاری کوئی مدد نہ کی جائے گی۔(تفسیر قرطبی، الزّمر، تحت الآیۃ: ۵۴، ۸ / ۱۹۶، الجزء الخامس عشر، ابن کثیر، الزّمر، تحت الآیۃ: ۵۴، ۷ / ۹۹، روح البیان، الزّمر، تحت الآیۃ: ۵۴، ۸ / ۱۲۷، ملتقطاً)

             اس آیت سے معلوم ہوا کہ فقط اللہ تعالیٰ کی رحمت پر بھروسہ کر کے گناہوں  میں  مصروف رہنا درست نہیں  بلکہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں  گناہوں  سے سچی توبہ مطلوب ہے اور جو توبہ کرناچھوڑ دے گا تو اس کے لئے بڑی وعید ہے ۔