banner image

Home ur Surah Fussilat ayat 21 Translation Tafsir

حٰمٓ اَلسَّجْدَۃ (فُصِّلَت)

Fussilat

HR Background

وَ قَالُوْا لِجُلُوْدِهِمْ لِمَ شَهِدْتُّمْ عَلَیْنَاؕ-قَالُوْۤا اَنْطَقَنَا اللّٰهُ الَّذِیْۤ اَنْطَقَ كُلَّ شَیْءٍ وَّ هُوَ خَلَقَكُمْ اَوَّلَ مَرَّةٍ وَّ اِلَیْهِ تُرْجَعُوْنَ(21)

ترجمہ: کنزالایمان اور وہ اپنی کھالوں سے کہیں گے تم نے ہم پر کیوں گواہی دی وہ کہیں گی ہمیں اللہ نے بلوایا جس نے ہر چیز کو گویائی بخشی اور اس نے تمہیں پہلی بار بنایا اور اُسی کی طرف تمہیں پھرنا ہے۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور وہ اپنی کھالوں سے کہیں گے: تم نے ہمارے خلاف کیوں گواہی دی؟ وہ کہیں گی: ہمیں اس اللہ نے بولنے کی قوت بخشی جس نے ہر چیز کوبولنے کی طاقت دی ہے اور اس نے تمہیں پہلی مرتبہ بنایا اور اسی کی طرف تم لوٹائے جاؤ گے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ قَالُوْا لِجُلُوْدِهِمْ: اور وہ اپنی کھالوں  سے کہیں  گے۔} جب کفارکے اَعضا ان کے خلاف گواہی دیں  گے اور ان کے اعمال بتا دیں  گے تو وہ حیران ہو کر اپنی کھالوں  سے کہیں  گے :تم نے ہمارے خلاف کیوں  گواہی دی؟ وہ کھالیں  کہیں  گی: ہمارا بولنا کوئی عجیب بات نہیں  کیونکہ ہمیں  بولنے پر اس اللہ تعالیٰ نے قدرت اورقوت دی ہے جس نے ہر چیز کو بولنے کی طاقت دی ہے، اس لئے اس کی دی ہوئی قوت سے ہم نے تمہارے تمام برے اعمال کو کچھ چھپائے بغیر بیان کر دیا اور ا س اللہ تعالیٰ کی شان تویہ ہے کہ وہ تمہیں  پہلی بار بنانے اور تمہیں  دوبارہ زندہ کر کے اپنی سزا کی طرف لوٹانے پر قدرت رکھتا ہے اور ایسے قادر رب تعالیٰ کا ہمیں  بولنے کی طاقت دے دینا کوئی عجیب بات نہیں ۔( مدارک، فصلت، تحت الآیۃ: ۲۱، ص۱۰۷۳، روح البیان، حم السجدۃ، تحت الآیۃ: ۲۱، ۸ / ۲۴۸، ملتقطاً)

           آیت میں  ان لوگوں  کے شبہ کا بھی جواب دیدیا جو یہ سوچیں  کہ اَعضاء کیسے بولیں  گے ؟تو فرمایا کہ اعضاء کو بولنے کی طاقت وہ اللہ عَزَّوَجَلَّ دے گا جس نے سب کو بولنے کی طاقت دی تو جو زبان جیسے ایک چھوٹے سے عضو کو بولنے کی طاقت دے سکتا ہے وہ دیگر اعضاء کو بھی بولنے کی طاقت دے سکتا ہے۔