سورۂ حٰمٓ
السَّجدہ کے مضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیَّت ، حضور پُر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی
عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی رسالت،قرآنِ پاک کے اللہ تعالیٰ
کی کتاب ہونے ،مُردوں کو دوبارہ زندہ کئے جانے اور اعمال کی جزاء و سزا ملنے کے
بارے میں کلام کیا گیا ہے ۔نیز اس میں یہ چیزیں بیان کی گئی ہیں ۔
(1)…اس کی ابتداء میں قرآنِ پاک کے اوصاف بیان کئے گئے ہیں کہ یہ
کتاب اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل ہوئی ہے،عربی زبان
میں ہے،اللہ تعالیٰ کی قدرت و وحدانیَّت کے دلائل کو
تفصیل سے بیان کرنے والی ہے،خوشخبری دینے والی اور ڈر سنانے والی ہے۔
(2)…قرآنِ پاک کے بارے میں مشرکین کا مَوقِف بیان کیاگیااور یہ
بتایا گیا کہ مشرکین قرآنِ پاک میں غورو فکر کرنے سے اِعراض کرتے ہیں ،نیزحضورِ
اَقدس صَلَّی
اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے بارے میں بتایاگیا کہ وہ ایک بشر ہیں اور انہیں اللہ تعالیٰ نے اس وحی کے ساتھ خاص فرما لیا ہے جس میں اللہ تعالیٰ کی وحدانیَّت کا اعلان ہے، کافروں کی سزا اور نیک اعمال کرنے
والے مسلمانوں کی جزا کی وضاحت ہے۔
(3)…کفر کرنے پر مشرکین کا رد کیا گیا،زمین و آسمان کی تخلیق سے اللہ تعالیٰ کی وحدانیَّت پر اِستدلال کیا گیا اور اللہ تعالیٰ کے رسولوں عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو
جھٹلانے کی وجہ سے ہلاک کی گئی سابقہ قوموں جیسا عذاب نازل ہونے سے کفارِ مکہ کو
ڈرایا گیا۔
(4)…قیامت کے حساب کاخوف دلایا گیا اور یہ بتایا گیا کہ حشر کے دن
انسان کے اَعضاء ا س کے خلاف گواہی دیں گے۔
(5)…اللہ تعالیٰ کی اطاعت پر صبر کرنے
والوں کو جنت کی بشارت دی گئی ،قرآنِ مجید کے ہدایت اور شفاء ہونے کے بارے میں
بتایا گیا اور یہ واضح کر دیا گیا کہ جو نیک عمل کرے گا وہ اپنی جان کے لئے ہی کرے
گا اور جو برے عمل کرے گا تو وہ خود ہی ان کی سزا پائے گا۔
(6)…اللہ تعالیٰ کی عظیم قدرت اور علم
کے بارے میں بتایا گیا اور یہ بتایاکہ آسانی ملنے پر فخر وتکبر کرنا اور مصیبت و
سختی آنے پر گریہ و زاری کرنا عمومی طور پر لوگوں کی فطرت ہے۔