Home ≫ ur ≫ Surah Hud ≫ ayat 14 ≫ Translation ≫ Tafsir
فَاِلَّمْ یَسْتَجِیْبُوْا لَكُمْ فَاعْلَمُوْۤا اَنَّمَاۤ اُنْزِلَ بِعِلْمِ اللّٰهِ وَ اَنْ لَّاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَۚ-فَهَلْ اَنْتُمْ مُّسْلِمُوْنَ(14)
تفسیر: صراط الجنان
{فَاِلَّمْ یَسْتَجِیْبُوْا لَكُمْ:تو اے مسلمانو! اگر وہ تمہاری اس بات کا جواب نہ دے سکیں۔} اس آیت کی ایک تفسیر یہ ہے کہ اے مسلمانو! اگر کفار تمہارے اس چیلنج کا جواب نہ دے سکیں اور دس سورتوں کی مثل پیش کرنے سے عاجز رہیں تو تم اپنے اس علم پر ثابت قدم رہو کہ قرآن اللہ عَزَّوَجَلَّ کا ہی کلام ہے اور جان لو کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا کوئی معبود نہیں ،تو کیا اب تم مانو گے اور یقین رکھو گے کہ یہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے ہے ،مطلب یہ کہ اعجازِ قرآن دیکھ لینے کے بعد ایمان و اسلام پر ثابت رہو۔ دوسری تفسیر یہ ہے کہ اس سے پہلی آیت میں اللہ تعالیٰ نے کفار سے فرمایا کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا جو مل سکیں سب کو اپنی مدد کے لئیبلالو اور ا س آیت میں فرمایا کہ اے کافرو! اگر تمہارے مددگار تمہیں کوئی جواب نہ دے سکیں اور تمہاری کوئی مدد نہ کرسکیں تو سمجھ لو کہ یہ قرآن اللہ تعالیٰ کے علم ہی سے اتارا گیا ہے ،کسی نے اللہ عَزَّوَجَلَّ پر جھوٹ نہیں باندھا بلکہ اللہ عَزَّوَجَلَّ نے ہی اپنے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر اسے نازل فرمایا ہے اور جان لو کہ جس اللہ عَزَّوَجَلَّ نے قرآن نازل فرمایا ہے وہی عبادت کے لائق ہے اور جن بتوں کو تم پوجتے ہو وہ عبادت کے لائق ہر گز نہیں تو کیا تم اسلام قبول کرو گے اور اخلاص کے ساتھ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی عبادت کرو گے؟(خازن، ہود، تحت الآیۃ: ۱۴، ۲ / ۳۴۴)