banner image

Home ur Surah Hud ayat 50 Translation Tafsir

وَ اِلٰى عَادٍ اَخَاهُمْ هُوْدًاؕ-قَالَ یٰقَوْمِ اعْبُدُوا اللّٰهَ مَا لَكُمْ مِّنْ اِلٰهٍ غَیْرُهٗؕ-اِنْ اَنْتُمْ اِلَّا مُفْتَرُوْنَ(50)

ترجمہ: کنزالایمان اور عاد کی طرف ان کے ہم قوم ہود کو کہا اے میری قوم اللہ کو پوجو اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں تم تو نرے مفتری ہو۔ ترجمہ: کنزالعرفان اور عاد کی طرف ان کے ہم قوم ہود کوبھیجا۔ فرمایا: اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں ، تم تو صرف بہتان لگانے والے ہو۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ اِلٰى عَادٍ اَخَاهُمْ هُوْدًا:اور عاد کی طرف ان کے ہم قوم ہود کوبھیجا۔} اس سورت میں بیان کئے گئے واقعات میں سے یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے حضرت ہود عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو قومِ عاد کا بھائی فرمایا ، اس سے مراد دینی بھائی نہیں بلکہ نسب کے اعتبار سے بھائی ہونا مراد ہے کیونکہ حضرت ہود عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا تعلق قبیلہ ِعاد سے تھا، یہ عرب کا قبیلہ تھا اور یمن کے قریب ان کی رہائش تھی۔ (تفسیرکبیر، ہود، تحت الآیۃ: ۵۰، ۶ / ۳۶۲)

{قَالَ:فرمایا۔} حضرت ہود عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے اپنی قوم سے فرمایا کہ اے میری قوم! تم اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا اقرار کرو اور عبادت کرنے میں کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہراؤ، تمہارا معبود اللہ تعالیٰ ہی ہے، یہ بت جن کی تم پوجا کر رہے ہو تمہارے معبود ہر گز نہیں کیونکہ یہ تو پتھر کے ہیں اور کوئی نفع نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ تمہارا یہ دعویٰ جھوٹا ہے کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے شریک ہیں اور تم ان شریکوں کی عبادت کرتے ہو ۔ (خازن، ہود، تحت الآیۃ: ۵۰، ۲ / ۳۵۷، صاوی، ہود، تحت الآیۃ: ۵۰، ۳ / ۹۱۷، ملتقطاً)

          نوٹ:حضرت ہود عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان کی قوم عاد سے متعلق بعض تفصیلات سورۂ اعراف آیت65تا 72 میں گزر چکی ہیں۔