banner image

Home ur Surah Luqman ayat 4 Translation Tafsir

لُقْمٰن

Luqman

HR Background

الَّذِیْنَ یُقِیْمُوْنَ الصَّلٰوةَ وَ یُؤْتُوْنَ الزَّكٰوةَ وَ هُمْ بِالْاٰخِرَةِ هُمْ یُوْقِنُوْنَﭤ(4)اُولٰٓىٕكَ عَلٰى هُدًى مِّنْ رَّبِّهِمْ وَ اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ(5)

ترجمہ: کنزالایمان وہ جو نماز قائم رکھیں اور زکوٰۃ دیں اور آخرت پر یقین لائیں ۔ وہی اپنے رب کی ہدایت پر ہیں اور انہیں کا کام بنا۔ ترجمہ: کنزالعرفان وہ جو نماز قائم رکھتے ہیں اور زکوٰۃ دیتے ہیں اور آخرت پر یقین رکھتے ہیں ۔ وہی اپنے رب کی ہدایت پر ہیں اور وہی کامیاب ہونے والے ہیں ۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{اَلَّذِیْنَ یُقِیْمُوْنَ الصَّلٰوةَ: وہ جو نماز قائم رکھتے ہیں ۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی آیت کاخلاصہ یہ ہے کہ نیک لوگ وہ ہیں  جو نماز کو اس کی تمام شرائط اور حقوق کے ساتھ ہمیشہ ادا کرتے ہیں  اور اپنے مالوں  میں  فرض ہونے والی زکوٰۃ اس کے حقداروں  کو دیتے ہیں  اور وہ مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے،اعمال کا حساب ہونے اور اعمال کی جزاو سزا میں  شک یا انکار نہیں  کرتے بلکہ اس پر یقین رکھتے ہیں ۔جن کے یہ اوصاف ہیں  وہی لوگ اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے عطا کی گئی ہدایت پر ہیں  اور وہی لوگ قیامت کے دن اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ سے ثواب حاصل کر کے حقیقی طور پر کامیاب ہونے والے ہیں  ۔(روح البیان، لقمان، تحت الآیۃ: ۴-۵، ۷ / ۶۳-۶۴، تفسیر طبری، لقمان، تحت الآیۃ: ۴-۵، ۱۰ / ۲۰۱، ملتقطاً)

سورۂ لقمان کی آیت نمبر4اور5سے معلوم ہونے والی باتیں :

            ان آیات سے دو باتیں  معلوم ہوئیں :

(1)… ہر عقل مند انسان کو چاہئے کہ وہ نیک لوگوں  کے اوصاف اپنا کر حقیقی کامیابی حاصل کرنے والے حضرات میں شامل ہونے کی بھرپور کوشش کرے ۔

(2)…جب تک اللہ تعالیٰ کسی کو ہدایت نہ دے تب تک وہ ہدایت نہیں  پاسکتا،لہٰذا ہر ایک کو چاہئے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے ہدایت طلب کرتا رہے اور نیک اعمال کی توفیق مانگتا رہے ۔