banner image

Home ur Surah Maryam ayat 49 Translation Tafsir

مَرْيَم

Maryam

HR Background

فَلَمَّا اعْتَزَلَهُمْ وَ مَا یَعْبُدُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِۙ-وَهَبْنَا لَهٗۤ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَؕ-وَ كُلًّا جَعَلْنَا نَبِیًّا(49)

ترجمہ: کنزالایمان پھر جب ان سے اور اللہ کے سوا ان کے معبودوں سے کنارہ کر گیا ہم نے اسے اسحق اور یعقوب عطا کیے اور ہر ایک کو غیب کی خبریں بتانے والا کیا ۔ ترجمہ: کنزالعرفان پھر جب ابراہیم لوگوں سے اور اللہ کے سوا جن (بتوں ) کی وہ عبادت کرتے تھے ان سے جدا ہوگئے تو ہم نے اسے اسحاق اور (اس کے بعد) یعقوب عطا کئے اور ان سب کو ہم نے نبی بنایا۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{فَلَمَّا اعْتَزَلَهُمْ:پھر جب ابراہیم لوگوں سے جدا ہوگئے۔} ارشاد فرمایا کہ پھر جب حضرت ابراہیم عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام مقدس سرزمین کی طرف ہجرت کر کے لوگوں سے اور  اللہ کے سوا جن بتوں  کی وہ لوگ عبادت کرتے تھے ان سے جدا ہوگئے تو ہم نے حضرت ابراہیم عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو فرزند حضرت اسحاق عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان کے بعد پوتے حضرت یعقوب عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام عطا کئے تاکہ وہ ان سے اُنْسِیَّت حاصل کریں  اور ان سب کو ہم نے مقامِ نبوت سے سرفراز فرما کر احسان فرمایا۔( خازن، مریم، تحت الآیۃ: ۴۹، ۳ / ۲۳۷، مدارک، مریم، تحت الآیۃ: ۴۹، ص۶۷۶، ملتقطاً)

             یادرہے کہ حضرت اسماعیل عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام، حضرت اسحاق عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے بڑے ہیں ، لیکن چونکہ حضرت اسحاق عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام بہت سے انبیاء عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے والد ہیں ، اس لئے خصوصیت کے ساتھ ان کا ذکر فرمایا گیا۔

آیت ’’فَلَمَّا اعْتَزَلَهُمْ‘‘سے حاصل ہونے والی معلومات:

            اس آیت سے 2باتیں  معلوم ہوئیں :

(1)… حضرت ابراہیم عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی عمر شریف اتنی دراز ہوئی کہ آپ عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے اپنے پوتے حضرت یعقوب عَلَیْہِ  الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو دیکھا ۔

(2)…  اللہ تعالیٰ کے لئے ہجرت کرنے اور اپنے گھر بار کو چھوڑنے کی حضرت ابراہیم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو یہ جزا ملی کہ  اللہ تعالیٰ نے انہیں  بیٹے اور پوتے عطا فرمائے ۔