banner image

Home ur Surah Maryam ayat 70 Translation Tafsir

مَرْيَم

Maryam

HR Background

ثُمَّ لَنَنْزِعَنَّ مِنْ كُلِّ شِیْعَةٍ اَیُّهُمْ اَشَدُّ عَلَى الرَّحْمٰنِ عِتِیًّا(69)ثُمَّ لَنَحْنُ اَعْلَمُ بِالَّذِیْنَ هُمْ اَوْلٰى بِهَا صِلِیًّا(70)

ترجمہ: کنزالایمان پھر ہم ہر گروہ سے نکالیں گے جو ان میں رحمٰن پر سب سے زیادہ بے باک ہوگا۔ پھر ہم خوب جانتے ہیں جو اس آگ میں بھوننے کے زیادہ لائق ہیں ۔ ترجمہ: کنزالعرفان پھر ہم ہر گروہ سے اسے نکالیں گے جو ان میں رحمٰن پر سب سے زیادہ بے باک ہوگا۔ پھر ہم انہیں خوب جانتے ہیں جو آگ میں جلنے کے زیادہ لائق ہیں ۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{ثُمَّ لَنَنْزِعَنَّ مِنْ كُلِّ شِیْعَةٍ:پھر ہم ہر گروہ سے اسے نکالیں  گے۔} ارشاد فرمایا کہ جہنم کے آس پاس کفار کو جمع کرنے کے بعد ہم کفار کے ہر گروہ سے اسے نکالیں  گے جو ان میں  رحمٰن کی نافرمانی کرنے پر سب سے زیادہ بے باک ہوگا تاکہ جہنم میں  سب سے پہلے اُسے داخل کیا جائے جو سب سے زیادہ سرکش اور کفر میں  زیادہ شدید ہو اور بعض روایات میں  ہے کہ کفار سب کے سب جہنم کے گرد زنجیروں  میں  جکڑے طوق ڈالے ہوئے حاضر کئے جائیں  گے پھر جو کفر و سرکشی میں  زیادہ سخت ہوں  گے وہ پہلے جہنم میں  داخل کئے جائیں  گے اور انہیں  باقی کافروں  کے مقابلے میں  عذاب بھی زیادہ سخت ہوگا۔( خازن، مریم، تحت الآیۃ: ۶۹، ۳ / ۲۴۲)

کفار کے عذاب میں  فرق ہو گا:

            یاد رہے کہ کفر اگرچہ یکساں  ہے کہ ’’اَلکُفْرُ مِلَّۃٌ وَاحِدَۃٌ‘‘ یعنی کفر ایک ہی ملت ہے، مگر کفار مختلف قسم کے ہیں  کہ بعض ان میں  سے وہ ہیں  جو خود بھی گمراہ ہوئے اور دوسروں  کو بھی گمراہ کیا اور بعض وہ ہیں  جو کسی کی پیروی کر کے گمراہ ہوئے تو ان میں  ہر قسم کے کافر کو اس قسم کا عذاب ہو گا جس کا وہ مستحق ہے جیسے گمراہ گَر کافروں  کو پیروی کرنے والے کفار کے مقابلے میں  دگنا عذاب ہو گا،چنانچہ  اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے

’’اَلَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ صَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ زِدْنٰهُمْ عَذَابًا فَوْقَ الْعَذَابِ بِمَا كَانُوْا یُفْسِدُوْنَ‘‘(نحل: ۸۸)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: جنہوں  نے کفر کیا اور  اللہ کی راہ سے روکا ہم ان کے فساد کے بدلے میں  عذاب پر عذاب کا اضافہ کردیں  گے۔

            اور ارشاد فرماتا ہے

’’وَ لَیَحْمِلُنَّ اَثْقَالَهُمْ وَ اَثْقَالًا مَّعَ اَثْقَالِهِمْ‘‘ (عنکبوت:۱۳)

ترجمۂ  کنزُالعِرفان: اور بیشک ضرور اپنے بوجھ اٹھائیں  گے اور اپنے بوجھوں  کے ساتھ اور بوجھ اٹھائیں  گے ۔

{ثُمَّ لَنَحْنُ اَعْلَمُ:پھر ہم انہیں  خوب جانتے ہیں ۔} یعنی ہم خوب جانتے ہیں  کہ کون سا کافر جہنم کے کس طبقہ کے لائق ہے اور کون سا کافر جہنم کے شدید عذاب کا مستحق ہے اور کون سا نہیں  اور کسے پہلے جہنم میں  پھینکا جائے گا اورکسے بعد میں ۔