banner image

Home ur Surah Maryam ayat 75 Translation Tafsir

مَرْيَم

Maryam

HR Background

قُلْ مَنْ كَانَ فِی الضَّلٰلَةِ فَلْیَمْدُدْ لَهُ الرَّحْمٰنُ مَدًّاۚ۬-حَتّٰۤى اِذَا رَاَوْا مَا یُوْعَدُوْنَ اِمَّا الْعَذَابَ وَ اِمَّا السَّاعَةَؕ-فَسَیَعْلَمُوْنَ مَنْ هُوَ شَرٌّ مَّكَانًا وَّ اَضْعَفُ جُنْدًا(75)

ترجمہ: کنزالایمان تم فرماؤ جو گمراہی میں ہو تو اسے رحمٰن خوب ڈھیل دے یہاں تک کہ جب وہ دیکھیں وہ چیز جس کا انہیں وعدہ دیا جاتا ہے یا تو عذاب یا قیامت تو اب جان لیں گے کہ کس کا برا درجہ ہے اور کس کی فوج کمزور۔ ترجمہ: کنزالعرفان تم فرماؤ : جو گمراہی میں ہو تو اسے رحمٰن خوب ڈھیل دیدے یہاں تک کہ جب وہ اس چیز کو دیکھیں جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا ہے یا تو عذاب اوریا قیامت تو وہ جان لیں گے کہ کس کا درجہ برا اور کس کی فوج کمزور ہے ؟

تفسیر: ‎صراط الجنان

{قُلْ مَنْ كَانَ فِی الضَّلٰلَةِ:تم فرماؤ : جو گمراہی میں  ہو ۔} اس آیت میں  کافروں  کے نظریے کا ایک اور جواب دیا گیا، چنانچہ ارشاد فرمایا کہ اے حبیب! صَلَّی  اللہ  تَعَالٰی  عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ مال و مَنال پر فخر کرنے والے اِن کافروں  سے ارشاد فرما دیں  کہ جو گمراہی میں  ہو تو اسے رحمٰن عَزَّوَجَلَّ دنیا میں  لمبی عمر اور زیادہ مال دے کر خوب ڈھیل دیتا ہے یہاں  تک کہ جب وہ گمراہ لوگ اس چیز کو دیکھیں  گے جس کا ان سے وعدہ کیا جاتا ہے یا تو دنیا میں  قتل و قید کا عذاب اوریا قیامت کا دن جس میں  وہ جہنم میں  داخل ہوں  گے تواس وقت وہ جان لیں  گے کہ مسلمانوں  اور کافروں  میں  سے کس کا درجہ برا اور کس کی فوج کمزور ہے؟( خازن، مریم، تحت الآیۃ: ۷۵، ۳ / ۲۴۵، روح البیان، مریم، تحت الآیۃ: ۷۵، ۵ / ۳۵۲-۳۵۳، ملتقطاً)