banner image

Home ur Surah Al Ankabut ayat 41 Translation Tafsir

اَلْعَنْـكَبُوْت

Al Ankabut

HR Background

مَثَلُ الَّذِیْنَ اتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ اَوْلِیَآءَ كَمَثَلِ الْعَنْكَبُوْتِۖۚ-اِتَّخَذَتْ بَیْتًاؕ-وَ اِنَّ اَوْهَنَ الْبُیُوْتِ لَبَیْتُ الْعَنْكَبُوْتِۘ-لَوْ كَانُوْا یَعْلَمُوْنَ(41)

ترجمہ: کنزالایمان ان کی مثال جنہوں نے الله کے سوا اور مالک بنالئے ہیں مکڑی کی طرح ہے اس نے جالے کا گھر بنایا اور بیشک سب گھروں میں کمزور گھر مکڑی کا گھر کیا اچھا ہوتا اگر جانتے۔ ترجمہ: کنزالعرفان جنہوں نے الله کے سوا اورمددگاربنارکھے ہیں ان کی مثال مکڑی کی طرح ہے،جس نے گھر بنایا اور بیشک سب گھروں میں کمزور گھر مکڑی کا گھرہوتا ہے۔کیا اچھا ہوتا اگر وہ جانتے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{مَثَلُ الَّذِیْنَ اتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ اَوْلِیَآءَ: جنہوں  نے اللہ کے سوا اورمددگاربنارکھے ہیں  ان کی مثال۔} یعنی وہ لوگ جنہوں  نے اللہ تعالیٰ کو واحد معبود ماننے کی بجائے بتوں  کو معبود بنا رکھا ہے اور ان کے ساتھ امیدیں  وابستہ کی ہوئی ہیں  اور در حقیقت ان بتوں  کے عاجز اور بے اختیار ہونے کی مثال مکڑی کی طرح ہے جس نے اپنے رہنے کے لئے جالے سے گھر بنایا جو کہ انتہائی کمزور ہے اور یہ گھر نہ اس سے گرمی دور کر سکتا ہے نہ سردی ، نہ گرد و غبار اور بارش وغیرہ کسی چیز سے اس کی حفاظت کر سکتا ہے، ایسے ہی یہ بت ہیں  کہ اپنے پجاریوں  کو کوئی نفع یا نقصان پہنچانے کی قدرت نہیں  رکھتے اور نہ ہی دنیا و آخرت میں  انہیں  کوئی فائدہ پہنچا سکتے ہیں  اور بیشک سب گھروں  میں  کمزور گھر مکڑی کا گھرہوتا ہے اور ایسے ہی سب دینوں  میں  کمزور اور نِکَمّا دین بت پرستوں  کا دین ہے ۔کیا ہی اچھا ہوتا اگر وہ بت پرست یہ بات جانتے کہ ان کا دین اس قدر نکما ہے ۔( خازن، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۴۱، ۳ / ۴۵۱، مدارک، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۴۱، ص۸۹۳، ملتقطاً)

مکڑی کے جالے رزق میں  تنگی کا سبب ہوتے ہیں :

            حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَاللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم فرماتے ہیں : ’’اپنے گھروں  سے مکڑیوں  کے جالے دور کرو کیونکہ انہیں  (گھروں  میں  لگا ہوا) چھوڑ دینا ناداری کا باعث ہوتا ہے۔( مدارک، العنکبوت، تحت الآیۃ: ۴۱، ص۸۹۳)