banner image

Home ur Surah Al Fajr ayat 17 Translation Tafsir

اَلْفَجْر

Al Fajr

HR Background

كَلَّا بَلْ لَّا تُكْرِمُوْنَ الْیَتِیْمَ(17)وَ لَا تَحٰٓضُّوْنَ عَلٰى طَعَامِ الْمِسْكِیْنِ(18)

ترجمہ: کنزالایمان یوں نہیں بلکہ تم یتیم کی عزت نہیں کرتے۔ اور آپس میں ایک دوسرے کو مسکین کے کھلانے کی رغبت نہیں دیتے۔ ترجمہ: کنزالعرفان ہرگزنہیں بلکہ تم یتیم کی عزت نہیں کرتے۔ اور تم ایک دوسرے کو مسکین کے کھلانے کی ترغیب نہیں دیتے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{كَلَّا بَلْ لَّا تُكْرِمُوْنَ الْیَتِیْمَ: ہرگزنہیں  بلکہ تم یتیم کی عزت نہیں  کرتے۔} ارشادفرمایا کہ عزت و ذلت کا معیاروہ ہرگزنہیں  جو تم نے سمجھ رکھا ہے کہ عزت ،دولت کی وجہ سے اور ذلت، غربت کی وجہ سے ہوتی ہے ، مال ودولت کی یہ تقسیم تو اللّٰہ تعالیٰ کی حکمت ہے کہ کبھی کسی حکمت سے دشمن کو دولت دے دیتا ہے اورکبھی مخلص بندے کو فقر و فاقہ میں  مبتلا کردیتا ہے۔ اصل عزت و ذلت کا معیار طاعت و مَعصِیَت پر ہے لیکن کفار اس حقیقت کو نہیں  سمجھتے اور یونہی ان کے جاہل مُقَلِّد بھی اس حقیقت کو نہیں  سمجھتے۔ تم میں  سے اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں  جو ذلیل ہے وہ وہ نہیں  جو مال کی کمی کا شکار ہے بلکہ اللّٰہ تعالیٰ کے ہاں  تمہاری ذلت کا سبب یہ ہے کہ تم یتیم کی عزت نہیں  کرتے اور دولت مند ہونے کے باوجوداُن کے ساتھ اچھے سلوک نہیں  کرتے اور انہیں  اُن کے حقوق نہیں  دیتے جن کے وہ وارث ہیں ۔ مقاتل نے کہا کہ امیہ بن خلف کے پاس قد امہ بن مظعون یتیم تھے وہ انہیں  ان کا حق نہیں  دیتا تھا، اس پر یہ آیتِ مبارکہ نازل ہوئی۔( خازن، الفجر، تحت الآیۃ: ۱۷، ۴ / ۳۷۷-۳۷۸)

{وَ لَا تَحٰٓضُّوْنَ عَلٰى طَعَامِ الْمِسْكِیْنِ: اور تم ایک دوسرے کو مسکین کے کھلانے کی ترغیب نہیں  دیتے۔} یعنی تمہاری ذلت کا دوسرا سبب یہ ہے کہ تم خود بھی کھانے کی خیرات نہیں  کرتے اوردوسروں  کو بھی اس کی رغبت نہیں  دیتے بلکہ اس سے روکتے ہو۔