سورۂ فاتحہ کے مضامین:
اس سورت میں یہ مضامین
بیان کئے گئے ہیں :
(1) …اس سورت میں اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کا بیان ہے۔
(2) …اللہ تعالیٰ کے رب ہونے، اس کے رحمٰن اور رحیم ہونے،نیز مخلوق کے
مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے اور قیامت کے دن ان کے اعمال کی جزاء ملنے کا
ذکر ہے۔
(3) …صرف اللہ تعالیٰ کے عبادت کا مستحق ہونے اوراس کے حقیقی مددگار ہونے کا
تذکرہ ہے۔
(4) …دعا کے آداب کا
بیان اور اللہ تعالیٰ سے دین حق اور
صراط مستقیم کی طرف ہدایت ملنے،نیک لوگوں کے حال سے موافقت اور گمراہوں سے اجتناب
کی دعا مانگنے کی تعلیم ہے۔
یہ چند وہ چیزیں بیان کی
ہیں جن کا ’’سورہ ٔ فاتحہ‘‘ میں تفصیلی ذکر ہے البتہ اجمالی طور پر اس سورت میں بے
شمار چیزوں کا بیان ہے۔امیر المؤمنین حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم فرماتے ہیں : ’’اگر میں چاہوں تو ’’سورۂ فاتحہ‘‘
کی تفسیر سے ستر اونٹ بھروادوں۔ (الاتقان فی علوم القرآن، النوع الثامن
والسبعون۔۔۔الخ، ۲ / ۵۶۳)
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا
خان رَحْمَۃُاللہِ تَعَالٰی
عَلَیْہِ حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کا یہ قول نقل کرنے کے بعد فرماتے ہیں :’’ایک اونٹ کَے( یعنی کتنے ہی)
من بوجھ اٹھاتا ہے اور ہر من میں کَے (یعنی کتنے) ہزار اجزاء (ہوتے ہیں ،ان کا
حساب لگایا جائے تو یہ)حساب سے تقریباً پچیس لاکھ جز بنتے ہیں ، یہ فقط ’’سورۂ
فاتحہ‘‘ کی تفسیر ہے۔(فتاوی
رضویہ ، ۲۲
/ ۶۱۹)
سورۂ
فاتحہ سے متعلق شرعی مسائل:
(1)… نماز میں ’’سورۂ فاتحہ‘‘
پڑھنا واجب ہے،امام اور تنہا نماز پڑھنے والا اپنی زبان سے ’’سورۂ فاتحہ‘‘ پڑھے
گا جبکہ مقتدی امام کے پیچھے خاموش رہے گا اور جہری نماز میں اس کی قراء ت بھی سنے
گا اور ا س کا یہی عمل پڑھنے کے حکم میں ہے۔ اللہ تعالیٰ
نے قرآن پاک میں تلاوت کے وقت مقتدی کو خاموش رہنے اور قراء ت سننے کا حکم دیتے
ہوئے ارشاد فرمایا:
’’وَ اِذَا قُرِئَ
الْقُرْاٰنُ فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ وَ اَنْصِتُوْا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَ‘‘(اعراف:۲۰۴)
ترجمۂ کنزالعرفان:اور جب قرآن پڑھا جائے
تو اسے غور سے سنو اور خاموش رہو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔
اورحضرت ابو موسٰی اشعری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،حضور اقدس صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:’’جب
امام قراءت کرے تو تم خاموش رہو۔(ابن ماجہ، کتاب الصلاۃ،
باب اذا قرء الامام فانصتوا، ۱ / ۴۶۲، الحدیث: ۸۴۷)
حضرت جابر بن عبد اللہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،نبی کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:’’جس شخص کا
کوئی امام ہو تو امام کا پڑھنا ہی مقتدی کا پڑھنا ہے۔(ابن
ماجہ،کتاب الصلاۃ،باب اذا قرء الامام فانصتوا، ۱ /
۴۶۴، الحدیث: ۸۵۰)ان
کے علاوہ اور بہت سی احادیث میں امام کے پیچھے مقتدی کے خاموش رہنے کے بارے میں
بیان کیا گیا ہے۔
امامِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کا مناظرہ:
امام فخر الدین رازی رَحْمَۃُاللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں
:’’مدینہ منورہ کے چند علماء امام ابو حنیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے پاس اس غرض سے آئے کہ
وہ امام کے پیچھے مقتدی کی قراء ت کرنے کے معاملے میں ان سے مناظرہ کریں۔امام ابو
حنیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی
عَنْہُ نے ان سے فرمایا:سب سے
مناظرہ کرنا میرے لئے ممکن نہیں ،آپ ایسا کریں کہ مناظرے کا معاملہ اس کے سپرد کر
دیں جو آپ سب سے زیادہ علم والا ہے تاکہ میں ا س کے ساتھ مناظرہ کروں۔انہوں نے
ایک عالم کی طرف اشارہ کیا تو امام ابو حنیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا:کیا یہ تم سب
سے زیادہ علم والا ہے؟انہوں نے جواب دیا:
’’ہاں۔‘‘امام ابو حنیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا:کیا میرا اس کے
ساتھ مناظرہ کرنا تم سب کے ساتھ مناظرہ کرنے کی طرح ہے؟انہوں نے کہا :’’ہاں۔‘‘امام
ابو حنیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی
عَنْہُ نے فرمایا:اس کے خلاف جو
دلیل قائم ہو گی وہ گویا کہ تمہارے خلاف قائم ہو گی؟ انہوں نے جواب دیا: ’’ہاں۔‘‘
امام ابو حنیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا:اگر میں اس کے ساتھ مناظرہ کروں اور
دلیل میں اس پرغالب آ جاؤں تو وہ دلیل تم پر بھی لازم ہو گی؟انہوں نے کہا:
’’ہاں۔‘‘ امام ابو حنیفہ رَضِیَ
اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے دریافت کیا:وہ دلیل تم پر کیسے لازم ہو
گی؟انہوں نے جواب دیا:’’اس لئے کہ ہم اسے اپنا امام بنانے پر راضی ہیں تو اس کی
بات ہماری بات ہو گی۔‘‘امام ابو حنیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا:ہم بھی تو یہی کہتے ہیں کہ جب ہم نے ایک
شخص کو نماز میں اپنا امام مان لیا تو اس کا قراء ت کرنا ہمارا قراء ت کرناہے اور
وہ ہماری طرف سے نائب ہے۔ امام ابو حنیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی یہ بات سن کر سب نے
اقرار کر لیا(کہ امام کے پیچھے مقتدی
قراء ت نہیں کرے گا)(تفسیرکبیر، البقرۃ، تحت الآیۃ:۳۰، ۱ / ۴۱۲)
(2) …’’نماز جنازہ‘‘ میں
خاص دعا یاد نہ ہو تو دعا کی نیت سے ’’سورۂ فاتحہ‘‘ پڑھنا جائز ہے جبکہ قراء ت کی
نیت سے پڑھنا جائز نہیں۔(عالمگیری، کتاب الصلاۃ،
الباب الحادی والعشرون، الفصل الخامس، ۱ / ۱۶۴)