Home ≫ ur ≫ Surah Al Hajj ≫ ayat 61 ≫ Translation ≫ Tafsir
ذٰلِكَ بِاَنَّ اللّٰهَ یُوْلِجُ الَّیْلَ فِی النَّهَارِ وَ یُوْلِجُ النَّهَارَ فِی الَّیْلِ وَ اَنَّ اللّٰهَ سَمِیْعٌۢ بَصِیْرٌ(61)
تفسیر: صراط الجنان
{ ذٰلِكَ بِاَنَّ اللّٰهَ یُوْلِجُ الَّیْلَ فِی النَّهَارِ : یہ اس لیے ہے اللہ رات کو دن کے حصے میں داخل کردیتا ہے۔ } یعنی مظلوم کی مدد فرمانا اس لئے ہے کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ جو چاہے اس پر قادر ہے اور اس کی قدرت کی نشانیاں اس سے ظاہر ہیں کہ وہ کبھی دن کو بڑھاتا، رات کو کم کر دیتا ہے اور کبھی رات کو بڑھاتا، دن کو کم کر دیتاہے، اس کے سوا کوئی اس پر قدرت نہیں رکھتاتو جو ایسا قدرت والا ہے وہ جس کی چاہے مدد فرمائے اور جسے چاہے غالب کرے۔نیز مظلوم کی مدد فرمانا اس لئے ہے کہ اللہ تعالیٰ سب کی باتیں سننے والا اورسب کے اعمال دیکھنے والاہے،اس سے نہ کسی کی کوئی بات پوشیدہ ہے اور نہ کسی کا کوئی عمل چھپا ہوا ہے۔ ( مدارک، الحج، تحت الآیۃ : ۶۱، ص۷۴۶، طبری، الحج، تحت الآیۃ : ۶۱، ۹ / ۱۸۳، ملتقطاً )
کافروں کے غلبے سے دل تنگ نہیں ہونا چاہئے :
اس آیت میں اشارۃًفرمایاگیا کہ جیسے کبھی دن بڑے کبھی راتیں ایسے ہی کبھی کفار کا غلبہ ہوتا ہے اور کبھی مومنوں کا تسلط۔ لہٰذا کافروں کا غلبہ دیکھ کر مسلمانوں کو دل تنگ نہیں ہونا چاہیے بلکہ اپنے اَقوال، اَعمال اور اَفعال کی اصلاح کرنے میں مشغول ہونا چاہئے تاکہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت کے صدقے مسلمانوں کو کفار پر غلبہ اور فتح ونصرت عطا فرمائے۔