Home ≫ ur ≫ Surah Al Jasia ≫ ayat 4 ≫ Translation ≫ Tafsir
وَ فِیْ خَلْقِكُمْ وَ مَا یَبُثُّ مِنْ دَآبَّةٍ اٰیٰتٌ لِّقَوْمٍ یُّوْقِنُوْنَ(4)
تفسیر: صراط الجنان
{وَ فِیْ خَلْقِكُمْ: اور تمہاری پیدائش میں ۔} یعنی اے لوگو! جس طرح تمہیں پیدا کیا گیا کہ پہلے تم نطفہ کی صورت میں تھے،پھر اسے خون بنایا گیا،پھر اس خون کو جما دیا گیا،پھر جمے ہوئے خون کو گوشت کا ٹکڑا بنا دیا گیا یہاں تک کہ اسی ٹکڑے سے ذات اور بشری صفات میں کامل انسان بنا دیا گیا، یونہی زمین کے مختلف حصوں میں پھیلائے گئے جانور جو کہ جدا جدا شکل و صورت والے ،الگ الگ اوصاف اور مزاج رکھنے والے ہیں اور ان کی جنسیں بھی مختلف ہیں ،ان سب میں اللہ تعالیٰ کی قدرت اور وحدانیت پر دلالت کرنے والی نشانیاں ہیں کیونکہ انسانوں اور جانوروں میں مُعَیَّن شکل، مُعَیَّن وصف اور مُعَیَّن اعضاء کا ہونا،یونہی ان کا عمر کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں اور ایک حال سے دوسرے حال میں داخل ہونا کسی قادر ، مختار اور واحد ہستی کے وجود اور تصرّف کے بغیر ممکن نہیں اور یہ نشانیاں ان لوگوں کے لئے ہیں جو یقین کرنے والے ہیں ۔(تفسیرکبیر، الجاثیۃ، تحت الآیۃ: ۴، ۹ / ۶۷۰، روح البیان، الجاثیۃ، تحت الآیۃ: ۴، ۸ / ۴۳۵، ملتقطاً)