banner image

Home ur Surah Al Qalam ayat 13 Translation Tafsir

اَلْقَلَم

Al Qalam

HR Background

عُتُلٍّۭ بَعْدَ ذٰلِكَ زَنِیْمٍ(13)

ترجمہ: کنزالایمان دُرُشت خُو اس سب پر طُرّہ یہ کہ اس کی اصل میں خطا۔ ترجمہ: کنزالعرفان سخت مزاج، اس کے بعد ناجائز پیداوار ہے۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{عُتُلٍّ: سخت مزاج۔} اس آیت میں  اس کافر کے دو عیب بیان کئے گئے ہیں  کہ وہ طبعی طور پر بد مزاج اور بد زبان ہے اور ان تمام عیوب سے بڑھ کر ا س کاعیب یہ ہے کہ وہ ناجائز پیداوار ہے تو اس سے خبیث اَفعال کے صادر ہونے میں  کیا تعجب ہے۔

            ابو البرکات عبداللّٰہ بن احمد نسفی رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ  فرماتے ہیں ’’مروی ہے کہ ولید بن مغیرہ نے اپنی ماں  سے جا کر کہا : محمد (صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ) نے میرے بارے میں  دس باتیں  بیان فرمائی ہیں ،ان میں  سے 9 کے بارے میں  تومیں  جانتا ہوں  کہ وہ مجھ میں  موجود ہیں  لیکن ان کی یہ بات کہ میں  ناجائز پیداوار ہوں ، اس کا حال مجھے معلوم نہیں ، اب تو مجھے سچ سچ بتادے (کہ اصل حقیقت کیا ہے)ورنہ میں  تیری گردن ماردوں  گا۔ اِس پر اُس کی ماں  نے کہا کہ ’’تیرا باپ نامرد تھا ،ا س لئے مجھے یہ اندیشہ ہوا کہ جب وہ مرجائے گا تو اس کا مال دوسرے لوگ لے جائیں  گے، تو(اس چیز سے بچنے کے لئے ) میں  نے ایک چَرواہے کو اپنے پاس بلالیا اورتو اس چرواہے کی اولاد ہے۔( مدارک، القلم، تحت الآیۃ: ۱۳، ص۱۲۶۷)

سیّد المرسَلین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی شانِ محبوبیّت:

             اس سے تاجدارِ رسالت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی فضیلت ،شانِ محبوبیّت اور بارگاہِ الٰہی میں  آپ کا مقام معلوم ہوتا ہے کہ ولید نے اللّٰہ تعالیٰ کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی شان میں  ایک جھوٹا کلمہ کہا تھا کہ (مَعَاذَاللّٰہ) آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ  وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ مجنون ہیں  ، اس کے جواب میں  اللّٰہ تعالیٰ نے اس کے دس وہ عیوب ظاہر فرمادیئے جو واقعی ا س میں  موجود تھے اور ان میں  سے ایک عیب یعنی حرامی ہونا ایسا تھا کہ یہ اس آیت کے نازل ہونے سے ہی معلوم ہوا ورنہ اب تک ا س کے بارے میں  سب یہی سمجھتے تھے کہ وہ خاندانِ قریش سے ہے ۔

          نوٹ:یاد رہے کہ یہاں  تک 9 عیب بیان ہوئے جبکہ دسویں  عیب کا ذکر اگلی آیات میں  ہے۔