banner image

Home ur Surah Ash Shura ayat 10 Translation Tafsir

اَلشُّوْرٰی

Ash Shura

HR Background

وَ مَا اخْتَلَفْتُمْ فِیْهِ مِنْ شَیْءٍ فَحُكْمُهٗۤ اِلَى اللّٰهِؕ-ذٰلِكُمُ اللّٰهُ رَبِّیْ عَلَیْهِ تَوَكَّلْتُ ﳓ وَ اِلَیْهِ اُنِیْبُ(10)

ترجمہ: کنزالایمان تم جس بات میں اختلاف کرو تو اس کا فیصلہ اللہ کے سپرد ہے یہ ہے اللہ میرا رب میں نے اس پر بھروسہ کیا اور میں اس کی طرف رجوع لاتا ہوں ۔ ترجمہ: کنزالعرفان ۔ (اور اے لوگو!)تم جس بات میں اختلاف کرو تو اس کا فیصلہ اللہ کے سپرد ہے ۔یہ اللہ میرا رب ہے ،میں نے اسی پر بھروسہ کیا اور میں اسی کی طرف رجوع کرتاہوں ۔

تفسیر: ‎صراط الجنان

{وَ مَا اخْتَلَفْتُمْ فِیْهِ مِنْ شَیْءٍ فَحُكْمُهٗۤ اِلَى اللّٰهِ: تم جس بات میں اختلاف کرو تو اس کا فیصلہ اللہ کے سپرد ہے۔} اللہ تعالیٰ نے جس طرح نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو اس بات سے منع فرمایا کہ وہ کفار کو ایمان قبول کرنے پر مجبور نہ کریں اسی طرح ایمان والوں کو کفار کے ساتھ اختلافات میں پڑنے سے منع فرمایا ،چنانچہ ارشاد فرمایا کہ اے لوگو! تم دین کی باتوں میں سے جس بات میں کفار کے ساتھ اختلاف کرو تو ان سے یہ کہہ دو کہ اس کا فیصلہ اللہ تعالیٰ کے سپرد ہے، وہ قیامت کے دن تمہارے درمیان فیصلہ فرمائے گا ۔اور اپنے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے ارشاد فرمایا کہ اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ ان مشرکین سے فرما دیں کہ ’’یہ اللہ عَزَّوَجَلَّ میرا رب ہے جو اختلاف کرنے والوں کے  درمیان فیصلہ فرمائے گا ،میں نے اپنے تمام اُمور میں اسی پر بھروسہ کیا اور میں ہر کام میں اسی کی طرف رجوع کرتا ہوں۔(تفسیرکبیر ، الشوری، تحت الآیۃ : ۱۰ ، ۹ / ۵۸۱، خازن، الشوری، تحت الآیۃ: ۱۰، ۴ / ۹۱، تفسیرطبری، الشوری، تحت الآیۃ: ۱۰، ۲۱ / ۵۰۶، ملتقطاً)